جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہماری جماعت اپوزیشن کا حصہ ہے اور آگے بھی رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے یہ گفتگو وفاقی وزیر محمد علی درانی سے ملاقات کے دوران کی ، مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ہونے والی طویل ترین ملاقات میں دونوں رہنماؤن کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی امور اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر محمد علی درانی نے سیاسی رابطوں کے حوالے سے مولانا فضل الرحما کو اعتماد میں لیا جس پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی پہلے بھی اپوزیشن کا حصہ ہے اور آگے بھی رہے گی، جمہوریت اور آئین سے متصادم قانون سازی میں اپوزیشن جماعتیں حکومت کی حمایت نہیں لے سکے گی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایسی حکومت کے ساتھ جانا عوام کے غیض و غضب کو دعوت دینے کے برابر ہے، ہمیں صرف عوام کا دیا ہوا اختیار چاہیے، حکومتی وجود اور اس کے فیصلے عوام کے مفادات سے متصادم ہیں، آئندہ کسی کو مینڈیٹ چوری نہیں کرنے دیا جائے گا۔
محمد علی درانی نے کہا کہ آپ تاریخ کی درست سمت میں کھڑے ہیں، آپ ہمیشہ جمہوری اقدار اور سیاسی روایات کے امین رہے ہیں۔
خیال رہے کہ چند روز قبل صدر مملکت اور وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی تھی اور اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کو حکومت میں شمولیت کی دعوت دی گئی تھی۔