بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معزول وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی سیاسی جماعت عوامی لیگ سے رکن اسمبلی منتخب ہونے والے شکیب الحسن نے ملک کے کشیدہ حالات اور طلبہ کے احتجاج کے دوران خاموش رہنے پر قوم سے معافی مانگ لی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنے ایک طویل پیغام میں ملک کے کشیدہ حالات اور طلبہ کے احتجاج کے دوران خاموش رہنے پر قوم سے معافی مانگتے ہوئے گزارش کی ہے کہ عوام ان کے آخری ٹیسٹ میچ میں انہیں سپورٹ کرے۔
شکیب الحسن کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ملک کے کشیدہ حالات میں جنہیں دکھ پہنچا ہے میں ان سے خلوص دل سے معافی کا طلبگار ہوں، میں ہوم گرائونڈ پر اپنا آخری میچ کھیلنے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنا چاہتا ہوں۔ میری خواہش ہے کہ میرے فینز مجھے سپورٹ کرنے کیلئے اس موقع پر موجود ہیں، کرکٹ کے الوداعی لمحات میں اپنے فینز کے ساتھ ہاتھ ملانا چاہتا ہوں۔
شکیب الحسن نے لکھا کہ طلبہ تحریک کے دوران جن طالب علموں نے اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کیں میں انہیں انتہائی احترام کی نظر سے دیکھتا ہوں۔ تحریک کے دوران شہید یا زخمی ہونے والے شہری بھی میرے لیے انتہائی قابل احترام ہیں اور میں ان کے خاندانوں کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔
شکیب الحسن نے لکھا کہ میں آپ سب کے احساسات کو عزت کی نگاہ سے دیکھتا ہوں اور خلوص دل کے ساتھ معافی کا طلبگار ہوں، اگر آپ کی جگہ پر میں بھی ہوتا تو ایسے ہی پریشان ہوتا۔ شکیب الحسن نے گزشتہ برس معزول وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ میں شمولیت اختیار کی اور ممبر پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے تاہم طلبہ احتجاج کے دوران خاموشی اختیار کیے رکھی تھی۔
واضح رہے کہ اپنے کرکٹ کیریئر کے دوران ملکی سیاست میں حصہ لینے والے شکیب الحسن گزشتہ برس ممبر پارلیمنٹ منتخب ہوئے تاہم حکومت معزول ہونے اور پارلیمنٹ تحلیل ہونے کے بعد ان کی ممبر پارلیمنٹ کی حیثیت بھی ختم ہو گئی تھی۔ رواں برس ماہ جولائی میں ملک گیر طلبہ احتجاج کے دوران شکیب الحسن کے مسلسل خاموشی اختیار کرنے پر بنگلہ دیشی عوام اور ان کے فینز کی طرف سے ناراضگی کا اظہار کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ معروف آل رائونڈر شکیب الحسن کی طرف سے گزشتہ مہینے دورہ بھارت کے دوران آخری ٹیسٹ میچ سے پہلے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ میری خواہش ہے کہ اپنی سرزمین پر جنوبی افریقہ کیخلاف ہوم گرائونڈ پر آخری ٹیسٹ میچ کھیلوں، اگر موقع نہ ملا تو بھارت کیخلاف یہ ٹیسٹ میچ ان کا آخری ٹیسٹ میچ ہوگا، بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ میچ ڈھاکا میں 21 اکتوبر سے شروع ہو رہا ہے۔