پنجاب میں ایک شوہر نے پیسے نا دینے پر بیوی کے کان اور ناک کاٹ دیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر پھول نگر کے علاقے صابری محلہ میں غیر انسانی تشدد کا ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس میں لطیف نامی ایک شخص نے بیوی کو صرف اس لیےوحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا کہ وہ اس کو رقم دینے سے انکاری تھی۔
لطیف نے اہلیہ نگینہ کوثر کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر تیز دھار آلے سے اس کے ناک اور کان کاٹ دیئے اور کان میں موجود سونے کی بالیاں اتار لیں اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
نگینہ کوثر نے شدید زخمی حالت میں اپنے بھائی کو فون کرکے واقعہ کی اطلاع دی ، بھائی نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر پولیس کو اطلاع دی اور زخمی بہن کو اسپتال منتقل کیا، پولیس نے متاثرہ خاتون کے بھائی کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے اپنی بیوی سے کمیٹی کے پیسے دینے کا مطالبہ کیا ، نگینہ کوثر نے پیسے دینے سے انکار کیا تو ملزم نے پہلے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر اس کا ناک اور کان کاٹ دیئے۔پو لیس نے ملزم کو ساتھی سمیت گرفتار کر لیا ہے ، کیس کی تفتیش بھی شروع کردی گئی ہے۔