falcons
Minister (2k+ posts)
شریف خاندان تقسیم ہوگا نہیں،تقسیم ہوچکا ہے
صدیق جان
معمول کے مطابق ویک اینڈ پر اپنے سرکاری بابو دوست کے پاس پہنچا،یہ وہ دوست ہے جو ایک اہم عہدے پر فائض شخصیت کے ساتھ ہوتے ہیں،سیاستدانوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہیں بالخصوص مسلم لیگ ن کے حلقوں میں بہت گہرے روابط رکھتے ہی۔گپ شپ جاری تھی تو انہوں نے بتایا کہ ن لیگ کے فلاں صاحب کی کال آئی تھی،وہ پرسوں کی اڈیالہ جیل کی ملاقات پر بہت برہم ہیں۔انہوں نے ملاقات میں شریک دو صحافیوں کو وہ بڑی گالی دی جس کو گالیوں میں سب سے اعلیٰ مقام حاصل ہے،ان کے مطابق پوری ملاقات ان دو صحافیوں کی قصیدہ گوئی جاری رہی ،ن لیگی رہنماؤں اور کارکنان کوتو میاں صاحب سے بات کا موقع ہی نہیں ملا۔ن لیگ کے جن صاحب کا انہوں نے نام لیا ان سے میری بھی تین ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔البتہ حکومت جانے کے بعد،وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ میں ن لیگ کی بدترین گورننس کا بہت بڑا ناقد تھا اور ہوں۔دوست نے میرے کہنے پر ان کو کال کی اور کہا کہ حضور والہ، صدیق جان پوچھ رہا ہے کہ چائے مل سکتی ہے؟جواب مثبت ملا اور ہم ان کے پاس پہنچ گئے،ان کے پاس پہنچے تو حال احوال کے بعد دوست نے کہا کہ اڈیالہ کی ملاقات کے متعلق کھل کر بتائیں،آپ جو بتائیں گے وہ صرف ہمارے درمیان رہے گا،میں بھی جاتے ہوئے ذہنی طور پر تیار تھا کہ یہ ملاقات ان ملاقاتوں کی طرح ہوگی جس کی کوئی بات شیئر تو نہیں کی جا سکتی لیکن ہمیں اصل صورتحال کا اندازہ ہو جاتا ہے ۔لیکن ہمارے میزبان نے جواب دیا کہ یار مجھے اس سے کوئی مسئلہ نہیں کہ آپ کسی کو بتائیں یا نہیں؟بس میرا نام نہیں آنا چاہیئے۔میں نے فوراً آگے ہوکر کہا کہ سر آپ جانتے ہیں کہ ہم صحافیوں کے نزدیک اپنے سورس کا نام بتانا مسلمان سے کافر ہونے کے مترادف ہے۔میں نے انہیں کچھ ایسی باتیں کیں کہ جس سے وہ کافی مطمئن ہوگئے۔انہوں نے یہ بھی کہہ دیا کہ مجھے زیادہ پریشانی نہیں ہے اگر آپ نے نام ظاہر کربھی دیا تو ،ویسے بھی میرے اب اس جماعت میں تھوڑے دن ہیں۔مریم نواز نے اس جماعت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیا ہے،شریف خاندان اور مسلم لیگ ن اب ماضی کا حصہ بن چکے ہیں۔مریم نوازجیل میں پہنچ کر بھی باز نہیں آرہیں،نوازشریف کو عمران خان نے نہیں اس کی بیٹی اڈیالہ تک لائی ہے۔میں نے کہا کہ مریم نوازنے جیل میں ایسا کیا کردیا ہے؟آپ کیوں سمجھتے ہیں کہ شریف خاندان اب ماضی کا حصہ بن چکا ہے؟جواب ملا کہ شریف خاندان تقسیم ہونہیں رہا،تقسیم ہوچکا ہے۔مریم نوازنے جیل میں بیٹھ کر شہبازشریف فیملی کے لیے جو الفاظ ادا کیے وہ ہمارے وہم و گمان میں بھی نہیں تھے۔مریم نواز نے کہا یہ بھی کہا ہے کہ میں میاں صاحب(نوازشریف )کو جو کہتی تھی وہ اعتبار نہیں کرتے تھے لیکن اب وہ بھی اس نتیجے پر پہنچ چکے ہیں کہ اپنوں نے ہی ان کی اور پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپا۔مریم نوازکے مطابق پاناما لیکس آنے کے بعد سلمان شہبازنے کچھ اینکرز کو میسج کیے تھے کہ دیکھ لیں ہمارا(یعنی شہبازشریف فیملی)کا نام نہیں ہے پاناما لیکس میں۔مریم نوازنے شہبازشریف کا نام لیے بغیر کہا کہ ہمارے اپنے ہی ہمارے ساتھ ڈبل گیم کرتے رہے۔
مریم نواز کی بات کرتے ہوئے انہوں نے ایک اور انکشاف کیا۔۔۔مجھ سے پوچھنے لگے کہ آپ نے ایک کالم پڑھا تھا جس میں مریم نواز کی کیپٹن صفدر سے شادی کی تمام تفصیلات لکھی ہوئی تھیں۔میں نے کہا کہ جی بالکل۔مجھ سے پوچھنے لگے کہ وہ کالم کب آیا تھا؟میں نے کہا کہ یاد نہیں۔پوچھنے لگے کہ اس ٹائمنگ کا آپ کو پتا ہے کہ وہ کیوں اہم تھی؟میں نے سر ہلاتے ہوئے کہا کہ بالکل نہیں۔انہوں نے حیران کن بات کی،کہنے لگے کہ ن لیگ کو پتا تھا کہ ریحام خان کی کتاب آرہی ہے۔ان کو اس کتاب کے مندرجات کا بھی علم تھا۔اب ن لیگ کو خوف تھا کہ تحریک انصاف رد عمل میں مریم نواز کی شادی کے اسکینڈل کو ہوادے گی۔اسی لیے ایک کالم نگار،جس نے کل نوازشریف کو پاکستان کا نیلسن منڈیلا بناکر پیش کیا ہے،اس سے مریم نواز کی کیپٹن صفدر سے شادی پر کالم لکھوا کر یہ ثابت کیا گیا کہ وہ شادی تمام مشرقی روایات کے مطابق تھی۔اس کالم میں کیپٹن صفدر کو جوانی کی عمر میں ہی ایک ولی اللہ ثابت کرتے ہوئے مریم نواز کو بھی ایک نیک سیرت خاتون ثابت کیا گیا تھا۔انہوں نے مزید بتایا کہ وہ کالم سات ویب سائٹس پر لگوا کر پیسے دے کر وائرل کرایا گیا تھا۔دوبارہ جیل کی ملاقات پر بات کرتے ہوئے بتانے لگے کہ ایک بڑا چینل جس کے مالک نے پہلے فوج سے جاکرمعافی تلافی کرتے ہوئے معاملات طے کرنے کی کوشش کی،پھر اسی چینل کے نمائندے عمران خان کو جیتنے کے بعد بنی گالہ جاکر ملے ،اسی چینل کے نمائندوں نے نوازشریف کے ساتھ علیحدگی میں طویل ملاقات کی۔یعنی وہ سب گھر راضی رکھنا چاہ رہے ہیں۔حیرت ہے کہ بیک وقت فوج،عمران خان اور نوازشریف کو کیسے خوش رکھنے کی کوشش کررہے ہیں؟
پھر انہوں نے دو صحافیوں کی نوازشریف اورمریم نواز کی موجودگی میں کی گئی حرکات و سکنات کے بارے میں بتایا۔انہوں نے بتایا کہ دونوں صحافی نوازشریف سے زیادہ مریم نواز کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہے۔ان کا بس نہیں چل رہا تھا کہ مریم نوازکے پاوں میں بیٹھ جاتے۔دونوں نے بڑا زور لگایا کہ کسی طرح سے ان کی آنکھوں میں آنسو آجائیں تاکہ وہ اس بارگاہ میں مزید معتبر ٹھہرتے۔دونوں کے درمیان خوشامد کا مقابلہ جاری رہا۔ایک نے مریم نواز کی خوشنودی کے لیے جنرل قمر باجوہ کو گالیاں دیں تو دوسرے نے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار پر خوب الزامات لگائے۔اسی دوران ایک نے شہبازشریف کے لیے انتہائی نازیبا الفاظ استعمال کیے جس پر نوازشریف خاموش بیٹھے رہے اور مریم نواز نے ٹھنڈی آہ بھرتے ہوئے کہا کہ بس ہمارا اللہ مالک ہے۔ہمیشہ دن ایسے نہیں رہیں گے۔دونوں صحافیوں نے نوازشریف کو یقین دلایا کہ میاں صاحب بہت بڑی دھاندلی ہوئی ہے ورنہ عوام آج بھی آپ کے ساتھ ہے لیکن آپ ٹینشن مت لیں ، عمران خان کی حکومت ایک سال بھی نہیں چل پائے گی،ایک سال بعد دوبارہ الیکشن ہوں گے،ن لیگ کو دو تہائی اکثریت ملے گی،سب عدالتی فیصلے پارلیمنٹ کے ذریعے ختم ہوجائیں گے۔نوازشریف پھر وزیراعظم ہاؤس میں ہوں گے۔ان صحافیوں نے قصیدہ گوئی میں زمین آسمان کے وہ قلابے ملائے کہ ن لیگ کے بڑے بڑے خوشامدی اور درباری ہمت ہار کر پیچھے جا بیٹھے کہ ان صحافیوں نے کوئی گنجائش چھوڑی ہی نہیں ،اب ہم کیا بات کریں جو میاں صاحب اور مریم کے دل کو لگے۔
صحافیوں کی خوشامد سے میاں صاحب کا دل تو ضرور بہل سکتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ مریم نواز نے جس طرح سے اب شہبازشریف کے خلاف باتیں شروع کردی ہیں اس سے ثابت ہوا کہ شریف خاندان تقسیم ہوچکا ہے،اس لیے اب پارٹی میں بھی مزید تقسیم ہوگی۔سیاستدان جانتے ہیں کہ جب خاندان ہی متحد نہیں رہا تو اب اس پارٹی کی کشتی ہمیشہ کے لیے ڈوبنے جارہی ہے۔وہ اس کشتی میں بیٹھ کر اس کے ساتھ ہرگز نہیں ڈوبیں گے۔صحافیوں نے اس ملاقات میں جو چھوٹی چھوٹی حرکتیں کیں اس سے انہوں نے ثابت کیا کہ پارٹی ساتھ رہے یا نہ رہے لیکن وہ آج بھی نوازشریف اور مریم نواز کی غلامی میں ڈٹے ہوئے ہیں۔یاد رہے کہ ایک صحافی وہ ہے جس نے مریم نواز کی شادی کو قرآن و حدیث کے حوالے دے کر عین شرعی شادی ثابت کرنے کی کوشش کی تھی۔اب اگلے کالم میں آپ کو بتاوں گا کہ نوازشریف کی باڈی لینگوئج کے بارے میں کیا باتیں پتا چلیں؟وہ واقعی پریشان ہیں یا مطمئن؟وہ مزید موٹے ہوگئے ہیں یا وزن کم ہوچکا؟مریم نوازواقعی وہ کتابیں پڑھ رہی ہیں جن کا ذکر کیا گیا ہے؟
- Featured Thumbs
- https://i.imgur.com/2ripNgk.jpg
Last edited: