شراب پرپابندی نہیں لیکن اپنی کوکومو بیچنےکیلیے چاکلیٹ پرپابندی ہے:بابراعوان

babar-awaan%20media%20talk%20cc.jpg


پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے موجودہ حکومت پر کڑی تنقید کردی، میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اس ملک میں شراب پر پابندی نہیں، لیکن بچوں کی چاکلیٹ پر پابندی ہے،تاکہ مفتاح اسماعیل اپنی کوکومو بیچ سکیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان احتساب عدالت اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ احتساب عدالت کی عمارت سائفر نوازش سازش اور مداخلت کے بعد خالی ہونے جا رہی ہے،سائفر کا نتیجہ گرینڈ این آر او ٹو تھا جو مل گیا، عمران خان نے این آر او دینے سے انکار کردیا تھا،عمران خان بہت جلد دوبارہ آنے والے ہیں۔


بابر اعوان نے کہا کہ فیٹف قانون سازی کے وقت ایک ترمیمی ایجنڈا پیش کیا گیا تھا، 117 بڑے مقدمات کو سامنے رکھ کر 34 نقاطی ترمیمی ایجنڈا ترتیب دیا گیا تھا،وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ پیٹرول اور چینی کو مصنوعی بحران کہنے والے آج کہتے ہیں چائے بھی چھوڑ دو، ڈالر 212 تک پہنچ چکا ہے۔ ابھی مہنگائی آئی ہے، پندرہ دن بعد تباہی آنے والی ہے۔

بابر اعوان نے کہا کہ لوگوں کی حکومت لوگوں کے ذریعے آتی ہے،جب کہ یہاں ایلیٹ کی حکومت ایلیٹ کے ذریعے بنائی گئی،حکومت اس بات کا جواب دے کہ سرکاری ملازم کس کی اجازت سے اسرائیل گیا ؟سرکاری ملازم کی واپسی پر اس سے کوئی تحقیقات ہوئی کہ وہ اسرائیل کیوں گیا؟

رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ناموس رسالت پر ہماری جان بھی قربان ہے،اسرائیل کو کسی قیمت پر تسلیم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،اسرائیل کے ساتھ خفیہ ملاقاتیں ہورہی ہیں۔