سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کے الزام میں پی پی کے کامیاب امیدوار زیر حراست

aj1h233h1134.jpg


سندھ میں سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کے الزام میں پیپلزپارٹی کے کامیاب امیدوار عرفان ظفر لغاری کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے علاقے دادو میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 227 میں سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کے الزام میں پیپلزپارٹی کے کامیاب امیدوار کو حراست میں لیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ٹیکنیکل کالج میہڑ کے باہر ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب پیش آیا، جس کا مقدمہ عرفان ظفر لغاری سمیت 200 افراد کے خلاف درج کیا گیا تھا، مقدمہ ڈرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں دہشت گردی ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق ٹیکنیکل کالج میں بیلٹ باکسز موجود تھے،مقدمے میں عرفان ظفر لغاری، پیپلز پارٹی رہنما قمبر لغاری اور فیاض بٹ کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکنیکل کالج میہڑ سے بیلٹ باکسز چوری ہونے کی اطلاعات تھیں جس پر عرفان لغاری اپنے کارکنان کے ہمراہ موقع پر پہنچے تھے۔