سہ ملکی سیریز، پہلے میچ میں پاکستان کو کیویز کے ہاتھوں بڑی شکست

08183302a3aa6ac.jpg

لاہور: سہ فریقی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 78 رنز سے شکست دے دی۔ قومی ٹیم 331 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 252 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

نوتعمیر شدہ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی۔ فخر زمان نے شاندار 84 رنز کی اننگز کھیلی، لیکن انہیں کسی دوسرے بیٹر کا خاطر خواہ ساتھ نہ مل سکا۔ سلمان علی آغا 40 اور طیب طاہر 30 رنز بنا سکے، جبکہ بابراعظم 10، محمد رضوان 3 اور خوشدل شاہ 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے بیٹنگ میں گلین فلپس نے 72 گیندوں پر جارحانہ سنچری اسکور کی۔ ڈیرل مچل نے 81 اور کین ولیمسن نے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔ کیوی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں پر 330 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3، ابرار احمد نے 2 اور حارث رؤف نے 1 وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز محتاط انداز میں ہوا لیکن جلد ہی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار ہوگئی۔ پہلی وکٹ 52 کے مجموعے پر گری جب بابر اعظم 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ کامران غلام 18 رنز بنا کر 103 کے اسکور پر پویلین لوٹے۔ محمد رضوان صرف 3 رنز بنا سکے اور 117 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے۔ چوتھی وکٹ 119 رنز پر گری جب فخر زمان 84 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے بریسویل 31 رنز بنا کر شاہین آفریدی کا شکار بنے جبکہ ڈیرل مچل 81 رنز کی عمدہ اننگز کے بعد ابرار احمد کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ول ینگ صرف 4 رنز بنا سکے اور شاہین آفریدی نے انہیں میدان بدر کیا۔

میچ کے دوران پاکستان کو ایک بڑا دھچکا بھی لگا جب فاسٹ باؤلر حارث رؤف پیر کی انجری کا شکار ہو کر میدان سے باہر چلے گئے۔ ان کی انجری ٹیم کے لیے تشویش کا باعث بن سکتی ہے۔
 

Back
Top