پاکستان میں سوشل میڈیا ایپس اور واٹس ایپ وغیرہ کو کنٹرول کنے کیلئے فائر وال کے نفاذ کا دوسرا ور آخری مرحلہ کامیابی سے مکمل کرلیا گیا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کیلئے سیفٹی وال کا آخری تجربہ مکمل کرلیا گیا ہے،تاہم اس ضمن میں وزارت آئی ٹی اور پی ٹی اے حکام نے کسی بھی قسم کا ردعمل دینے سے گریز کیا ہے، وزارت آئی ٹی اس معاملے کو پی ٹی اے کا معاملہ قرار دے رہی ہے جبکہ پی ٹی اے کی جانب اس معاملے پر کوئی ردعمل نہیں دیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ کئی روز سے پاکستان میں واٹس ایپ، فیس بک، انسٹاگرام اور یوٹیوب جیسی سوشل میڈیا سروسز میں خلل دیکھا جارہا ہے، موبائل کمپنیز کا کہنا ہے کہ ان کا مسئلہ نہیں ہے، جبکہ پی ٹی اے حکام اس معاملے پرکوئی جواب دے نہیں رہے، تاہم گزشتہ دنوں اعلیٰ حکام نے انٹرنیٹ کی سست روی کو فائر وال کی آزمائش کی وجہ ہونے کی تصدیق کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کیلئے موبائل نیٹ ورک کمپنیز میں فائر وال سسٹم لگانے کی تیاری کررہی ہےجس کی مدد سے سوشل میڈیا پر قابل اعتراض مواد کے استعمال کو روکا جاسکے گا، اس نظام کو نافذ کرنے کا پہلا تجربہ 26 جولائی کو کیا گیا جس کے بعد ملک میں صارفین کو سوشل میڈیا ایپس کے استعمال میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
دوسری جانب خبریں ہیں کہ حکومت" گریٹ فائر وال آف پاکستان" کے نام سے ایک اور نظام نافذ کرنے کی تیاری کررہی ہے جس کے تحت ٹاپ سروسز کو ریگولیٹ کرنے کیلئے فریم ورک تیار کیا جائے گا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو پی ٹی اے یا پیمرا کے ماتحت بنانے کیلئے قانون سازی کی جائے گی۔