سوشل میڈیاانفلوئنسرز کے اکاؤنٹس ریاست مخالف ہونکی تحقیقات،ایف آئی اے کوخط

FIA-social-media-ltr-govt.jpg


محکمہ اطلاعات خیبر پختونخوا نے تحریک انصاف کے دور میں بھرتی سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے اکاؤنٹس ریاست کے خلاف استعمال ہونے کی تحقیقات کیلئے وفاقی تحقیقاتی ادارے کو خط ارسال کردیا،خط میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی دور میں بھرتی 1109 سوشل میڈیا انفلوئنسرز میں سے بیشتر نے ذاتی اکاؤنٹس سے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف مہم چلائی۔

خط میں کہا گیا سرکاری خزانے سے بھرتی سوشل میڈیاانفلوئنسرز کے ذاتی اکاؤنٹس ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف استعمال ہوئے ہیں ان سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے خلاف تحقیقات کی جائیں،سالانہ ترقیاتی پروگرام اسکیم کے تحت بھرتی ہونے والے 1109 سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو حکومتی اقدامات کی تشہیر کیلئے بھرتی کیا گیا تھا۔

انفلوئنسرز کو تنخواہوں اور دیگرمراعات میں مجموعی طور پر 24 کروڑ 26 لاکھ 65 ہزار روپے ملے ہیں، ہیومن ریسورسز پر آنے والے اخراجات 22 کروڑ 16 لاکھ 98 ہزار 938 روپے ہیں، آلات خریداری کی مد میں 26 لاکھ 26 ہزار501 روپے خرچ ہوئے ہیں ۔

دستاویزات کے مطابق گاڑیوں کی خریداری پر ایک کروڑ ایک لاکھ 58 ہزار خرچ کیے گئے ہیں جب کہ آپریشنل اخراجات پر 46 لاکھ 61 ہزار روپے خرچ ہوئے، تزئین و آرائش کی مد میں 5 لاکھ 27 ہزارروپے، ٹریننگ کی مد میں 16 لاکھ 68 ہزار جب کہ ٹیکس کی مد میں 13 لاکھ 26 ہزار روپے کی ادائیگیاں کی گئی ہیں۔