سفاک بیٹے نے ماں، 2بھائیوں سمیت 7 افراد کا قتل کر دیا

hamlhaahsa.jpg

سفاک بیٹے نے ماں، 2بھائیوں سمیت 7 افراد کا قتل کر دیا، ملزم سرور اور اس کے ساتھیوں نے سحری کے وقت اپنے بھائی کے گھر میں گھس کر فائرنگ کر دی جس سے اس کی ماں، بھابھی اور تین بچے جاں بحق ہو گئے: ذرائع

ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر جائیداد کے تنازع پر پاکپتن کے علاقے بڑی راکھ میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے 7افراد کو قتل کر دیا گیا۔ پاکپتن تھانہ صدر کے علاقے بڑی راکھ میں ایک سفاک شخص نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اپنی ماں، 2بھائیوں، بھابھی اور 3 بچوں کو قتل کر دیا جبکہ فائرنگ سے 7 سالہ بچی شدید زخمی ہو گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم سرور نے جائیداد کے تنازع پر تمام افراد کو موت کے گھاٹ اتارا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سرور اور اس کے ساتھیوں نے سحری کے وقت اپنے بھائی کے گھر میں گھس کر فائرنگ کر دی جس سے اس کی ماں، بھابھی اور تین بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ 7 سالہ بچی شدید زخمی ہو گئی۔ ملزمان نے کھیتوں میں جا کر دو بھائیوں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ قتل ہونے والے افراد کے نام افتخار اور شیرباز بتائے گئے ہیں جبکہ افتخار کی بیوی اور بیٹا، بیٹی بھی جاں بحق ہو گئے۔ زخمی بچی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک ہے۔

سانحے کی اطلاع ملنے پر ڈی پی او پاکپتن حسن اقبال موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دیدی اور مقتولین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ اطلاع ملنے کے باوجود ڈی ایس پی صدر سرکل دیر سے پہنچے۔ پولیس نے شواہد جمع کر کے ملزموں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔

دریں اثنا نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے ملزمان کی جلد سے جلد گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی میں تاخیر برداست نہیں کی جائے گی، سانحے کی تمام پہلوئوں سے تحقیقات کی جائیں اور رپورٹ پیش کی جائے۔