بھارتی فلم انڈسٹری کے سپرسٹار سلمان خان کی ایکشن فلم ٹائیگر 3 پر خلیجی ریاستوں میں پابندی عائد ہونے کے بعد اب بڑی کاسٹ کی مبنی 2 مزید فلموں پر سعودی عرب کی طرف سے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فلم انڈسٹری کی رومانٹک کامیڈی فلم بھول بھلیاں 3 اور میگاکاسٹ ایکشن فلم سنگھم اگین جنہیں بڑے بجٹ سے تیار کیا گیا ہے میں ہندو مذہب کا پرچار کرنے کی وجہ سے سعودی عرب میں نمائش پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بڑے بجٹ سے تیار کی گئی ان دونوں فلموں کو بھارت اور دیگر ملکوں سمیت سعودی عرب میں ہندوئوں کے ثقافتی تہوار ہولی کے موقع پر یکم نومبر 2024ء کو ریلیز کیا جانا تھا تاہم فلموں میں ہندو مذہب کا پرچار کرنے کی وجہ سے سعودی عرب کے فلم سنسر بورڈ کی طرف سے نمائش کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
سعودی عرب اس سے پہلے بھی مذہبی اور جنسی بے راہ روی کا سبب بننے والے مواد پر مبنی فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کرتا رہا ہے اور انہی وجوہات کی بنا پر دونوں بھارتی فلموں کی نمائش پر سنسربورڈ نے پابندی عائد کر دی ہے۔ سنگھم اگین میں اجے دیوگن مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں اور ساتھی اداکاروں میں جیکی شیروف، ٹائیگر شیرو، دیپکا پڈوکون اور کرینہ کپور کے علاوہ متعدد بڑے سپرسٹار شامل ہیں۔
سنگھم سیریز کی پہلی دونوں فلمیں ایکشن تھرلر تھیں تاہم نئی فلم میں شامل ایکشن اور تھرلر کو ہندو مذہبی کہانیوں سے جوڑا گیا ہے جس کے مرکزی کردار ٹریلر میں بھی ہندوازم کی بات کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ سنگھم اگین میں مبینہ طور پر ہمسایہ ملکوں سری لنکا اور پاکستان سمیت دوسرے ملکوں سے متعلق حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
بھول بھلیاں 2 میں مرکزی کردار ادا کرنے والے کارتک آریان ہی بھول بھلیاں 3 میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں تاہم اس فلم کے کردار بھی ہندو مذہب کا پرچار کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ سعودی عرب سنسر بورڈ کی طرف سے دونوں فلموں کی نمائش پر پابندی کے بعد دوسرے خلیجی وعرب ملکوں میں بھی ان فلموں کی نمائش پر جزوی طور پر پابندی لگائے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس ہندوئوں کے ثقافتی تہوار دیوالی کے موقع پر بھارتی فلم ٹائیگر 3 نمائش کیلئے پیش کی گئی تھی مبینہ طور پر فلم میں مسلمانوں کو منفی انداز میں پیش کیا گیا جس پر مشرق وسطیٰ کے متعدد ملکوں نے پابندی عائد کر دی تھی۔ٹائیگر 3 نے دیوالی کے دن پر سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم کا ریکارڈ قائم کیا تھا اور عمران ہاشمی کو عالمی دہشت گرد تنظیم کا رہنما بنایا گیا تھا۔