ساٹھ فیصد تک ویکسی نیٹڈ آبادی والے علاقوں میں پابندیاں ہٹانے کا اعلان

corona-business-111.jpg


جیو نیوز کے مطابق این سی اوسی نے کورونا ویکسین کے حوالے سے اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے شہروں میں حوصلہ افزائی کے لیے معمولات زندگی کو معمول پرلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

درجہ بندی کے مطابق اسلام آباد، منڈی بہاؤالدین، گلگت اور میرپور60 فیصد آبادی کو ویکسین لگانے پر بہترین ویکسین شدہ شہر قرار پائے ہیں۔

وفاقی وزیراسد عمر کے زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا۔ کورونا کی صورتحال اور مختلف شہروں کی مکمل ویکسینیشن کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ 40 سے 60 فیصد آباد کو ویکسین لگا کر راولپنڈی، جہلم، پشاور، غذر، کرمنگ، سکردو، ہنزہ، باغ اور بھمبھر کو اچھے ویکسین شدہ شہر قرار دیا گیا ہے۔

باقی شہروں میں 40 فیصد آبادی سے کم افراد کو ویکسین لگائے جانے کی وجہ سے ویکسین کی شرح کو کم قرار دیا گیا۔ بہترین ویکسین شدہ شہروں اسلام آباد، منڈی بہاؤالدین ، گلگت اور میرپور میں احتیاطی تدابیر کو اختیار کرتے ہوئے اجتماعات شادی بیاہ کی تقریبات، کھیلوں کے میدان، تجارت اور کاروبار، ان ڈور ڈائننگ، سینما، جم، تفریحی اورمذہبی مقامات بشمول مزارات اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں نافذ پابندیوں کو ہٹا دیا گیا ہے۔

بہترین ویکسین شدہ شہروں میں اندرون شہر اور بین الاضلاعی سفر میں مسافروں کی تعداد کو بڑھا کر 100 فیصد کر دیا گیا ہے۔ اچھے اور کم ویکسین شدہ شہروں میں مسافروں کی تعداد کو 80 فیصد تک رکھا گیا ہے۔ جب کہ ان شہروں میں تقریبات، ڈائننگ، سینما اور تفریح کےلیے این آئی پیز کا نفاذ 15 نومبر تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اچھے اور کم ویکسین شدہ شہروں میں عوامی اجتماعات کو بالترتیب 500 اور300 کی مقرر حد میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ این سی اوسی نے ملک بھر میں ان تمام سہولیات کا تسلسل مکمل ویکسین لگوانے اور ماسک کے لازمی استعمال سے مشروط کیا ہے۔