سابق فاسٹ بائولر مورنے مورکل قومی کرکٹ ٹیم کے بائولنگ کوچ مقرر

south-af-pakistan-team-a.jpg


ٹیسٹ سیریز کا آغاز 16 جولائی سے ہو گا اور میچز کولمبو اور گال کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے: ذرائع

پاکستان کی سری لنکا کے خلاف کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے سکواڈ کا اعلان ایک سے دو روز میں ہونے کا امکان ہے۔ سرفراز احمد بطور وکٹ کیپر اور حسن علی کو ٹیسٹ سکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے جبکہ میرحمزہ، وسیم جونیئر اور زاہد محمود کیلئے ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا مشکل ہے۔ سری لنکا سے ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کیلئے مختصر کیمپ کراچی میں جولائی کے پہلے ہفتے میں لگائے جانے کا امکان ہے۔ ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان ٹیم میں نئے چہروں کی شمولیت کا بھی امکان ہے۔

دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے پاک، سری لنکا سیریز کیلئے قومی ٹیم کے بائولنگ کوچ کے طور پر جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بائولر مورنے مورکل سے معاہدہ کیا گیا ہے۔ قبل ازیں سابق فاسٹ بائولر عمر گل کو پی سی بی کی طرف سے عبوری بائولنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بائولر مورنے مورکل سری لنکا کے خلاف کھیلی جانے والی 2 میچوں کی سیریز کے لیے کراچی میں لگائے جانے والے والے کیمپ میں بھی دستیاب ہوں گے۔ پاکستان اور سری لنکا کے مابین ماہ جولائی میں 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جانی ہے۔

سری لنکا کرکٹ بورڈ کی طرف سے پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلی جانے والی دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا مجوزہ شیڈول جاری کر دیا ہے جو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کا حصہ ہو گی۔ دونوں ٹیموں کے مابین ٹیسٹ سیریز کا آغاز 16 جولائی سے ہو گا اور میچز کولمبو اور گال کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

اطلاعات کے مطابق شاہین شاہ آفریدی سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شریک نہیں ہوں گے۔ انہوں نے گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف جولائی میں اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ شاہین شاہ آفریدی اس وقت انگلینڈ کی ٹی20 بلاسٹ لیگ میں ناٹنگھم شائر کی طرف سے کھیل رہے ہیں، انہوں نے 9 میچز میں 13 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔