کراچی کے علاقے بختاور گوٹھ میں ایک گھر کے زیر زمین ٹینک سے خاتون اور 2 بچیوں کی لاشیں ملنے کے معاملے پر اہم تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک گھر کے زیر زمین ٹینک سے تین لاشیں برآمد ہونے پر گھر میں موجود تیسری بچی نے اصل کہانی بیان کردی ہے
پولیس نے تحقیقات کے دوران بچی کا بیان قلمبند کرلیا ہےجس میں بچی کا کہنا تھا کہ خاتون کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا، اس نے پہلے ایک ایک کرکے دونوں بچیوں کو ٹینک میں پھینکا اور پھر دونوں کو بچانے کیلئے ٹینک میں چھلانگ لگادی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں اور مقتولہ کے شوہر سے تفتیش بھی کی جارہی ہے۔
خیال رہے کہ کراچی کے علاقے بختاور گوٹھ کے ایک گھر کے زیر زمین ٹینک سے ایک خاتون اور دو بچیوں کی لاشیں نکالی گئی ہیں، تینوں افراد کی موت ڈوبنے کی وجہ سے ہوئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق ایک بچی ٹینک میں گر گئی جس کو بچانے کیلئے ماں اندر گئی اور ماں کو اندر جاتے دیکھ کر دوسری بچی بھی قریب آئی اور اندر گر گئی، جاں بحق خاتون کی عمر 35 سال جبکہ بچیوں کی عمریں 5 اور3 سال تھیں۔