
پمز اسپتال کی 100 سے زائد نرسز نوکری سے فارغ، ہاسٹل خالی کرنے کے نوٹسز بھی جاری
اسلام آباد کے پمز اسپتال کے 100 سے زائد نرسنگ اسٹاف کو نوکری سے فارغ کردیا گیا ہے، نوکری سے فارغ کیے گئے اسٹاف کو ہاسٹل خالی کرنے کے نوٹس بھی جاری کیے جاچکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پمز اسپتال کے سو سے زائد نرسنگ اسٹاف کو زبانی حکم پر نوکری سے فارغ کردیا گیا ہے، نرسنگ اسٹاف اسپتال انتظامیہ کے اس اقدام پر سراپا احتجاج ہیں
اسٹاف کا موقف ہے کہ فارغ کیا گیا عملہ 4 مہینے سے بغیر تنخواہ کے کام کررہا ہے اور انہیں بغیر کسی نوٹیفکیشن کے نوکری سے فارغ کردیا گیا ہے۔
اسٹاف کے مطابق فارغ کیے گئے عملے کو ہاسٹل خالی کرنے کے نوٹسز بھی ملنا شروع ہوگئے ہیں، نرسنگ اسٹاف کو فارغ کرنے کے بعد اسپتال میں ناتجربہ کار اسٹاف کی بھرتی کی تیاری بھی شروع کردی گئی ہے اور اسپتال میں تجربہ کار اسٹاف کے بجائے ٹرینرز سے کام کروایا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں پمز اسپتال میں 2 سال کے کانٹریکٹ پر نرسنگ اسٹاف کو بھرتی کیا گیا تھا، پی ڈی ایم کی حکومت نے اس کانٹریکٹ میں توسیع دی جو دسمبر 2023 میں ختم ہوگئی تھی۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/zavabau1g1g12.jpg