رواں ماہ کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو بلاسود قرض ملے گا

jawan-loan%20pti.jpg


ایکسپریس نیوز کے مطابق معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کی سندھ اسمبلی میں مشترکہ پریس کانفرنس میں عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات پر میں سندھ آیا ہوں، 5 ارب روپے سندھ کے ہزاروں نوجوانوں میں تقسیم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ رقم ان نوجوانوں کو بطور قرض دی گئی ہے جنہوں نے اپنا کاروبار شروع کیا ہے جس سے ہزاروں لوگوں کو روزگار مل بھی چکا ہے، مہنگائی کا توڑ آمدن بڑھا کر اور روزگار دے کر کیا جاسکتا ہے، یہی ہماری کوشش ہے ہم چاہتے ہیں کہ لوگوں کی آمدن کے ذرائع بڑھیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنی ٹیم کو بھرپور ہدایات دی ہیں کہ زیادہ سے زیادہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے، وزیراعظم کی خصوصی ہدایات ہیں کہ سندھ کے جوانوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑنا، ہماری کوشش ہوگی کے اگلے 10 ماہ میں 6ارب کی مزید رقم ہم سندھ میں تقسیم کریں۔

عثمان ڈار نے کہا کہ سندھ کے نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں آپ کامیاب جوان پروگرام کا حصہ بنیں، قرضے کے حصول میں جو مشکلات آرہی تھیں وہ دور کردی گئی ہیں، کامیاب پاکستان پروگرام کا اس ماہ پورے ملک میں آغاز کریں گے، اس سے بھی نوجوان بلاسود ایک لاکھ سے پانچ لاکھ تک وصول کر سکتے ہیں، ہر ماہ بڑی تعداد میں پاکستانیوں کو قرضے دیے جائیں گے۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وفاقی حکومت کے پروگراموں سے براہ راست عوام کو فائدہ ہورہا ہے ، اگلے مہینے ہم سندھ کے دیگر اضلاع میں جارہے ہیں جہاں سڑکوں پر کھڑے ہوکر نوجوانوں کو اس پروگرام میں شامل کرائیں گے۔