امریکی شہر لاس ویگاس کے سرمایہ کار جے بلوم کی تباہ ہونے والی آبدوز ٹائٹن میں زیر سمندر سفر کی رعایتی پیشکش ٹھکرانے نے جان بچالی، جے بلوم اپنے بیٹے شان کے ساتھ ٹائٹن آبدوز کے ذریعے ٹائی ٹینک کا ملبا دیکھنے جانے والے تھے اور اوشین گیٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اسٹاکٹن رش نے انہیں رعایتی پیشکش کی کہ وہ ڈھائی لاکھ ڈالر کے بجائے ایک لاکھ ڈالر فی کس دے کر سفر کر لیں۔
جے بلوم نے اپنے اور اسٹاکٹن رش کے درمیان واٹس ایپ پیغامات بھی شیئر کیے ہیں، حادثے کا شکار ہونے والی آبدوز میں اسٹاکٹن رش خود بھی جان سے گئے،جے بلوم نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا اسٹاکٹن رش نے فروری میں مجھے اور میرے بیٹے سین کو مئی کے مہینے میں ٹائی ٹینک کا ملبا دیکھنے کے لیے جانے کا کہا لیکن مئی کے مہینے کے دونوں ٹرپ موسم کی خرابی کی وجہ سے ملتوی ہو گئے اور پھر جون میں جانے کا فیصلہ ہوا۔
آبدوز ٹائٹن میں سفر کرنے سے بچ جانے والے سرمایہ کار کا کہنا تھا میں نے اسٹاکٹن رش سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تو ان کا کہنا تھا یہ بات ٹھیک ہے کہ اس میں رسک ہے لیکن ٹائٹن میں سفر کرنا سڑک پار کرنے سے بھی آسان اور محفوظ ہے، اسٹاکٹن رش کا یہ بھی کہنا تھا آبدوز کا سفر میں ہیلی کاپٹر کے سفر اور اسکوبا ڈائیونگ سے بھی زیادہ آسان ہے، مجھے یقین ہے کہ وہ جانتے تھے کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں لیکن وہ غلط تھے۔
1912 کو غرق ہونے والے مسافر بردار سمندری جہاز ٹائی ٹینک کا ملبا دیکھنے کے لیے جانے والی آبدوز ٹائٹن 18 جون کو بحر اوقیانوس میں لاپتہ ہو گئی تھی جس کی تلاش 4 روز تک جاری رہی تاہم گزشتہ روز امریکی کوسٹ گارڈ حکام نے بتایا کہ آبدوز ٹائٹن تباہ ہو گئی ہے اور اس میں سوار تمام افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔
تباہ ہونے والی آبدوز میں مسافروں کو سیاحتی دورے پر لے جانے والی کمپنی اوشین گیٹ کے سی ای او اسٹاکٹن رش سمیت 2 پاکستانی شہزادہ داؤد اور ان کے جوان سالہ بیٹے سلیمان داؤد بھی شامل تھے۔
پانچ سیاحوں کی موت کے بعد ٹائٹن اگلے مشن پر جائے گی یا نہیں، انکشاف ہوا ہے کہ ٹائٹن کے سربراہ کو خبردار کیا گیا تھا کہ بغیر لائسنس کے آبدوز کو کمرشل مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جائے، وارننگ کی ای میلز کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
ماہرین نے کئی سال پہلے ٹائٹن کے سربراہ پر واضح کیا تھا تم کسی کی جان لے کر ہی رہو گے، جواب میں انہوں نے کہا تھا کہ ایسی باتیں ان کی تذلیل ہیں، نہ کی جائیں تو بہتر ہے، کینیڈا نے وارننگ نظرانداز کیے جانے کی تحقیقات شروع کردیں، ٹائٹن حادثے میں پاکستانی بزنس مین اور ان کے بیٹے سمیت پانچ افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔