راولپنڈی پولیس کی منشیات فروشوں کی پشت پناہی، کئی افسران و اہلکار برطرف

راولپنڈی پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان گٹھ جوڑ کا انکشاف سامنے آیا ہے۔


منشیات فروشوں سے تعلقات کے الزامات پر سی پی او راولپنڈی، سید خالد ہمدانی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 17 پولیس افسران و اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کر دیا۔ برطرف کیے جانے والوں میں ایک سب انسپکٹر، چار اے ایس آئی، چار ہیڈ کانسٹیبل اور آٹھ کانسٹیبل شامل ہیں۔


راولپنڈی پولیس کے مطابق منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران اہلکاروں کی اسکروٹنی کی گئی، جس میں کچھ اہلکاروں کے منشیات فروشوں سے روابط سامنے آئے۔ اس انکشاف پر سینئر افسران پر مشتمل ایک تحقیقاتی ٹیم نے مکمل چھان بین کی۔


پولیس ترجمان کے مطابق تمام برطرف اہلکار تھانہ نیو ٹاؤن میں تعینات تھے۔ ایس ایچ او انوار الحق کو بھی اس اسکینڈل میں ملوث پائے جانے پر نوکری سے برخاست کر دیا گیا۔


سی پی او راولپنڈی نے بتایا کہ یہ تمام کارروائیاں پولیس کے اندرونی احتسابی نظام کے تحت عمل میں آئیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ راولپنڈی پولیس منشیات کے خلاف بھرپور مہم جاری رکھے ہوئے ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 500 سے زائد منشیات فروشوں کو 10 سے 20 سال تک کی سزائیں دی جا چکی ہیں۔ اس مہم کو ہر سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
 

Back
Top