راولپنڈی ٹیسٹ: انگلینڈ نے پہلے دن بیٹنگ کرتے ہوئے500 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا

stadiiaha.jpg


راولپنڈی میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے ہی دن انگلینڈ نے بیٹنگ کرتے ہوئے 500 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے مابین ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی میں شروع ہوچکا ہے، میچ کے پہلے ہی دن انگلینڈ کے بلے بازوں نے پاکستانی باؤلرز کی خوب درگت بنائی اور رنز کے انبار لگادیئے۔

انگلینڈ نے راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کرکٹ کا 112 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔ راولپنڈی میں انگلینڈ نے کھیل کے پہلے دن 506 رنز بنا کر سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ بنا دیا۔اس سے قبل 1910 میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کیخلاف پہلے دن 494 رنز بنائے تھے۔

رواں ٹیسٹ میں انگلینڈ کے 4 بیٹرز نے سنچریاں داغ دیں جن میں اوپنرز بین ڈکٹ، زیک کراولی، اولی پاپ اور ہیری بروکس شامل ہیں۔

پہلے دن کے اختتام پر انگلینڈ کی ٹیم نے 4وکٹوں کے نقصان پر 506 رنز بنائے، رنز کےاس پہاڑ میں انگلینڈ کی اوپننگ جوڑی نے اہم کردار کیا، بین ڈکٹ اور زیک کرولی پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے پہلی وکٹ پر233 رنز کی پارٹنر شپ کی۔


انفرادی طور پر زیک کرولی اور بین ڈکٹ نے انفرادنی طور پربالترتیب 122 اور 107 رنز بنائے، بعد میں آنے والے کھلاڑیوں نے بھی اوپننگ جوڑی کی قائم کردہ روایت کا برقرار رکھا، اولی پوپ نے 108 ، ہیری پروک نے 101، کپتان بین اسٹوکس نے 34 جبکہ جو روٹ نے23 رنز بنائے۔

پاکستانی باؤلرز نے پورا دن انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کی کوشش کی تاہم انہیں صرف چار کامیابیاں حاصل ہوسکیں، جن میں سے 2آؤٹ زاہد محمود نے کیے جبکہ محمد علی اور حارث رؤف نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔