دو سال میں کتنے پاکستانیوں کو سرکاری ادارے کے ذریعے بیرون ملک ملازمتیں ملیں

2saah1h1.jpg


قومی اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں وزیر برائے سمندر پار پاکستانی چوہدری سالک حسین نے بتایا کہ سمندر پار ملازمت کارپوریشن نے گزشتہ دو سالوں میں 7,000 سے زائد افراد کو بیرون ملک ملازمتیں فراہم کی ہیں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران سوالات کے جواب دیتے ہوئے سالک حسین نے بتایا کہ اس عرصے میں 19 لاکھ 25 ہزار نوجوانوں نے بیرون ملک جانے کے لیے بیورو آف امیگریشن میں رجسٹریشن کروائی، جن میں سے 7ہزار سے زائد افراد کو ملازمت فراہم کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان میں سے 3,924 افراد جنوبی کوریا میں ملازمت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، جبکہ 2,367 افراد کو کویت میں ملازمت ملی۔ اس کے علاوہ، 639 افراد سعودی عرب، 100 جاپان، 28 قطر اور 4 لیبیا میں کام کے لیے گئے۔

پاکستان میں پڑھے لکھے نوجوانوں کی بڑی تعداد بیرون ملک منتقل ہو رہی ہے، خاص طور پر آئی ٹی اور میڈیکل شعبوں میں، جن میں سافٹ ویئر انجینیئرز، آئی ٹی ماہرین، نرسیں اور فارماسسٹ شامل ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ 2023 میں ملک چھوڑنے والے افراد کی تعداد 8 لاکھ سے زائد رہی، جو بین الاقوامی ملازمت کے مواقع کے لیے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتی ہے۔
 

Back
Top