دوسراون ڈے:آسٹریلیا 140 رنز پر ڈھیر

Kashif Rafiq

Prime Minister (20k+ posts)
https://twitter.com/x/status/1855504958394626086
پرتھ میں کھیلے جا رہے ون ڈے سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے صرف 141 رنز کا ہدف دیا ہے۔


پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ پرتھ میں جاری ہے۔ پاکستانی کپتان محمد رضوان نے مسلسل دوسرے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا اور بولرز اپنے کپتان کی امیدوں پر پورا اترے۔


کینگروز، شاہینوں کی سوئنگز کا مقابلہ نہ کر سکے اور صرف 31.5 اوورز میں 9 کھلاڑی 140 رنز پر ڈھیر ہوگئے جب کہ کوپر کونلے زخمی ہونے کے باعث 7 کے انفرادی اسکور پر ریٹائرڈ ہوکر واپس بیٹنگ کے لیے دوبارہ میدان میں نہ آ سکے۔

آسٹریلیا کو پہلا نقصان 20 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب جیک فریزر 7 رنز کے انفرادی اسکور پر نسیم شاہ کی وکٹ بنے۔ انہیں وکٹوں کے پیچھے محمد رضوان نے کیچ کیا۔ کینگروز ٹیم کا مجموعہ 36 رنز پر پہنچا تھا کہ ایرون ہارڈی کو شاہین شاہ نے 12 رنز پر قابو کر لیا۔


قائم مقام کپتان جوش انگلس صرف 7 رنز بنا کر نسیم شاہ کو دوسری وکٹ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ حارث نے گیند سنبھالتے ہی اوپنر میتھیو شارٹ کی اننگ کو 22 رنز پر تمام کر دیا۔


محمد حسنین کی تیز بال کر کوپر کونلے کو ہاتھ میں شدید چوٹ لگی جس کے باعث وہ بیٹنگ جاری نہ رکھ سکے اور 7 کے انفرادی اسکور پر ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر میدان سے باہر چلے گئے، اس کے فوری بعد حارث رؤف نے میکسویل کو رنز کا کھاتہ کھولے بغیر صفر پر پویلین واپس بھیج دیا۔


آسٹریلین ٹیم کی وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ سین ایبٹ 30 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے ان کی وکٹ شاہین شاہ آفریدی نے لی۔ ایڈم زمپا 13 اور لینس مورس صفر پر چلتے بنے، اسپینسر 12 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔


پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر شاہین شاہ آفریدی رہے جنہوں نے 32 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ نے بھی اتنی وکٹوں کا سودا 54 رنز دے کر کیا۔ حارث رؤف نے 2 اور محمد حسنین نے ایک وکٹ حاصل کی۔


آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم نے اپنا فاتح اسکواڈ کو برقرار رکھا ہے جب کہ آسٹریلوی ٹیم میں پانچ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔


آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، جوش ہزل ووڈ، اسٹیو اسمتھ اور مارنس لبوشین آج دستیاب نہیں ہیں۔ جوش انگلس آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں جب کہ کوپر کونولی، مارکس اسٹوئینس، اسپینسر جانسن، لینس مورس اور شان ایبٹ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔


واضح رہے کہ تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں میلبرن میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست ہوئی تھی جب کہ ایڈیلیڈ میں گرین شرٹس نے با آسانی 9 وکٹوں سے مقابلہ جیت کر سیریز کو ایک، ایک سے برابر کر دیا تھا۔


پاکستان کے پاس سنہری موقع ہے کہ وہ یہ میچ جیت کر 22 سال بعد آسٹریلیا کی سر زمین پر ون ڈے سیریز جیت سکتا ہے۔ اس سے قبل 2002 میں وقار یونس میں قیادت میں گرین شرٹس نے ون ڈے سیریز میں فتح حاصل کی تھی۔

 

Back
Top