وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے رقوم دلوانے میں آرمی چیف نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایم ایف سے معاہدے پر سب کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آئی ایم ایف سے 9 ماہ کیلئے 3 ارب ڈالر کا معاہدہ ہوگیا ہے، اس معاہدے کیلئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بھرپور کوششیں کی جبکہ وزیر خارجہ نے سفارتی سطح پر اپنی کوششیں کیں، وزیر خارجہ کی کاوشیں بڑی قیمتی ہیں۔
وزیراعظم نے کابینہ کی جانب سے آئی ایم ایف ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈیل سے کئی ماہ قبل چین نے پاکستان کی بھرپور مدد کی، چین نے ماضی میں بھی پاکستان کی متعدد بار مدد کی ہے،سعودی عرب نے2 ارب اور متحدہ عرب امارات نے1 ارب ڈالر دینے کی یقین دہانی کروائی، سعودی عرب نے بھی ہمیشہ برے وقت میں ہمارا ساتھ دیا ہے، اچھے وقت میں سب ساتھ دیتے ہیں ، برے وقت میں ساتھ دینے والا اصل ساتھی ہوتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ اسلامک ڈویلپمنٹ بینک نے پاکستان کو ایک ارب ڈالر دینے کا و عدہ کیا ہے، اگلے 15 ،20 سال اگر ہم مل کر کام کریں تو کامیابی ہمارے قدم چومے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوست ممالک سے رقم دلانے میں آرمی چیف کا کلیدی کردار ہے،پیرس میں میرے ساتھ جانے والے کابینہ اراکین کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، آئی ایم ایف سے معاہدہ لمحہ فخریہ نہیں ہے بلکہ لمحہ فکریہ ہے، خدا کرے کہ یہ ہمارا آئی ایم ایف سے آخری معاہدہ ہو۔