
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو گرفتار ہوئے کئی گھنٹے گزر گئے تاہم ان کے حوصلے بلند اور انرجی اب بھی برقرار ہے۔
رات دیر گئے پولیس نے شیخ رشید کو موٹروے پر قائم نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے گرفتار کیا جس کے بعد انہیں تھانہ آبپارہ منتقل کیا گیا پھر انہیں پولی کلینک اسپتال بھی لےجایا گیا۔
اس دوران شیخ رشید نے پولیس کی موجودگی میں بیانات دیتے ہوئے حکومت پر بھرپور تنقید کی اور اپنا آگے کا لائحہ عمل بھی بتایا۔ شیخ رشید نے 2 بار پولیس اہلکاروں کو دھکے بھی دیے جبکہ ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ تھانہ اور اسپتال کے باہر سگار کے بھی کش لگاتے رہے۔
گزشتہ رات سے لے کر اب تک سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیخ رشید کی ویڈیوز اور تصاویر پوسٹ کی جارہی ہیں۔
یاد رہے کہ شیخ رشید کے خلاف آبپارہ تھانے میں مقدمہ درج ہے۔ پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ شیخ رشید نشے کی حالت میں تھے، ان کے پاس سے مہنگے برانڈ کی شراب برآمد ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ شیخ رشید کے قبضے سے ایم 4 رائفل، کلاشنکوف اور آٹومیٹک گن بھی برآمد کی گئی ہے۔