ملک میں روز بروز مہنگائی بڑھتی جارہی ہے عوام کے لیے گزارا مشکل ہے,مہنگائی کے خلاف اپوزیشن جماعتیں اور عوام کا دونوں ہی متحد ہیں ایسے میں تعجب کی بات یہ ہے کہ دنیا کے سستے ترین شہروں میں پاکستان کے شہر بھی شامل ہیں جہاں عوام مہنگائی کے ستائے ہوئے ہیں وہیں ایک نہیں پاکستان کے 3 بڑے شہروں کو دنیا کے سستے ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔
ڈیٹا کمپنی نمبیو (Numbeo) نے جنوری سے جون 2024ء تک کے ڈیٹا کی بنیاد پر دنیا کے سستے ترین شہروں کی فہرست جاری کردی, جس میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد بھی شامل ہیں,امریکی شہر نیویارک کو بنیاد بنا کر وہاں کی طرز زندگی، اخراجات، کرائے، ہوٹلوں، اشیا کی قیمتوں اور مقامی افراد کی قوت خرید کا دنیا کے دیگر 218 شہروں سے موازنہ کیا گیا۔
نمبیو کی فہرست میں کراچی کو دنیا کا سستا ترین شہر قرار دیا گیا جو نیویارک کے مقابلے 81 فیصد سستا ہے, فہرست کے مطابق دنیا کا دوسرا سستا ترین شہر لاہور ہے,دنیا کے سستے ترین شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر بھارت کا شہر کولکتہ جبکہ چوتھے نمبر پاکستان کا دارالحکومت اسلام آباد ہے جو نیویارک کے مقابلے 78.5 فیصد سستا ہے۔
سستے ترین شہروں میں پانچویں نمبر پر انڈیا کا شہر چنائی، چھٹے نمبر پر مصر کا دارالحکومت قاہرہ جس کے بعد انڈیا کے شہر احمد آباد، حیدرآباد، دلی اور پونے کو دنیا کے سستے ترین 10 شہروں میں شمار کیا گیا۔
مہنگے ترین شہروں میں سوئٹزر لینڈ کے شہر جنیوا اور زیورخ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔ مہنگے ترین شہروں کی فہرست میں امریکا کے شہر نیویارک اور سان فرانسسکو تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔
امریکی شہر بوسٹن کو دنیا کا پانچواں مہنگا ترین شہر قرار دیا گیا جبکہ آئس لینڈ کا شہر ریکجاوک (Reykjavik) چھٹے اور واشنگٹن ڈی سی ساتویں نمبر پر رہا,امریکی شہر سیاٹل، لاس اینجلس اور شکاگو مہنگے ترین شہروں کی فہرست میں آٹھویں، نویں اور دسویں نمبر پر ہیں.