مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی قیادت کے بعد اب استحکام پاکستان پارٹی کے سینئر رہنما عون چوہدری بھی دبئی روانہ ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دبئی اس وقت پاکستانی سیاست کا مرکز بنا ہوا ہے، مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف ، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے بعد اب استحکام پاکستان پارٹی کے سینئر رہنما عون چوہدری بھی دبئی پہنچ رہے ہیں، عون چوہدری پارٹی کے پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین کا خصوصی پیغام آصف علی زرداری اور نواز شریف کو پہنچائیں گے۔
لندن سے دبئی کیلئے روانہ ہوتے ہوئے عون چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ عمران خان نے غیر قانونی اور غیر اخلاقی طور پر جہانگیر ترین کو قربانی کا بکرا بنایا اور اپنےاقتدار کی راہیں ہموار کیں، ایک اہم شخصیت نے جہانگیر ترین کے خلاف سازش میں عمران خان اور ثاقب نثار کے ملوث ہونے کی تصدیق کی ہے۔
عون چوہدری نے کہا کہ عمران خان اور ثاقب نثار نے جہانگیر ترین اور نواز شریف کے ساتھ ایک جیسا ظلم کیا، اللہ کا شکر ہے کہ اب جہانگیر ترین انتخابی سیاست کیلئے اہل ہوگئے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ حلفا بتائیں انہوں نے ثاقب نثا ر کے ساتھ مل کر سازش نہیں کی؟ کیا وہ بتاسکتے ہیں کہ جہانگیر ترین کی نظر ثانی درخواست مسترد کروانے میں ان کا کیا کردار تھا؟
رہنما استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ عملیات کے ذریعے جہانگیر ترین کو انتخابی سیاست سے فارغ کروایا گیا ، عملیات اور خوابوں کے ذریعے مجھے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے روکا گیا ، جہانگیر ترین تین دن بعد لاہور جائیں گے جبکہ میں دبئی میں اہم ملاقاتوں کے بعد لاہور پہنچوں گا۔