
بھارت میں ایک شخص نے اپنی ساس اور بہنوئی کو قتل کرکے گھر کو آگ لگائی اور خودکشی کرلی۔
تفصیلات کے مطابق دوہرے قتل کےبعد خودکشی کا واقعہ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے امراوتی ضلع کے بینوڈا گاؤں میں اس وقت پیش آیا جب ماں نے ناراض ہوکر میکے آنے والی خاتون کو واپس سسرال بھیجنے سے انکار کیا۔
خاتون کے شوہر نےساس کے انکار پر مشتعل ہوکر ساس اور بہنوئی کو قتل کرنے کے بعد گھر کو آگ لگائی اور خودکشی کرلی۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں پتا چلا ہے کہ اشیش ٹھاکرے نامی شخص نے ساس اور بہنوئی کو قتل کرنے کے بعد گھر میں آگ لگائی اور خود اس میں کود کر اپنی جان دیدی، مقامی لوگوں نے گھر میں لگی آگ دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی، پولیس اور ریسکیو اداروں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور گھر سے جھلسی ہوئی تین لاشیں برآمد کرلیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ گھریلو جھگڑے کا شاخسانہ ہے، اشیش ٹھاکرے کی چند ماہ قبل شادی ہوئی تھی، تاہم خاتون نے کچھ ماہ بعد ہی شراب نوشی اور گھریلو تشدد کا الزام لگا کر اپنے شوہر کو چھوڑا اور میکے آکر بیٹھ گئی۔
شوہر نے اپنی بیوی کوواپس بھیجنے کیلئے ساس اور بہنوئی سے رابطے کیے مگر ساس نے بیٹی کو سسرال بھیجنے سے انکار کردیا، اشیش نے بار بار مطالبے پر بیوی کے واپس نا آنے پر تیز دھار آلے کے ساتھ سسرال جاکر ساس اور بہنوئی کو قتل کیا، گھر کو آگ لگائی اور خودکشی کرلی۔