خیرپور سول ہسپتال کو کولنگ سسٹم خراب،سرد خانے میں پڑی لاشوں میں کیڑے پڑگئے

13kajiiirciboshdjolsplKKLS.png


پاکستان کے شہریوں کے لیے ایک طرف سے مختلف مسائل کی وجہ سے زندگی تنگ ہو چکی ہے تو دوسری طرف اب انہیں مرنے کے بعد بھی سکون کا سانس نہیں لینے دیا جا رہا، ایسا ہی ایک واقعہ خیرپور کے سول ہسپتال میں سامنے آیا ہے۔

ذرائع کے مطابق خیرپور میں واقع سول ہسپتال کے مردہ خانے کا کولنگ سسٹم خراب ہو گیا جس کے باعث سرد خانے میں رکھی ہوئی لاشوں میں کیڑے پڑ گئے اور لاشیں گل سڑ گئیں اور انتظامیہ خواب خرگوش کے مزے لیتی رہی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاشوں کے گلے سڑنے اور ان میں کیڑے پڑنے سے انتظامیہ مکمل طور پر لاعلم نظر آئی تاہم ہسپتال کے قریب سے گزرنے والے لوگوں نے بدبو آنے پر شکایت کی تو سرد خانہ کھولنے پر تعفن پھیل گیا۔ ہسپتال میں تعفن پھیلنے پر سکاؤٹ عملے کو مطلع کیا گیا جس نے سردخانہ کھولنے کے بعد لاشوں کی دیکھ بھال کی۔

سکاؤٹ انچارج خالد جانوری نے بتایا کہ ہسپتال کے قریب سے گزرنے والے شہریوں نے بتایا کہ مردہ خانے سے بدبو آ رہی ہے جس پر سرد خانہ کھلوایا گیا تو پتہ چلا کہ کولنگ سسٹم خراب ہو چکا ہے اور لاشوں میں کیڑے پڑ چکے اور گل سڑ چکی ہیں۔ ہم نے واقعے کی اطلاع ہسپتال انتظامیہ تک پہنچائی تاہم ان کی طرف سے سستی کا مظاہرہ کیا گیا اور لاشوں کی صفائی کرنے کیلئے ہمیں ماسک تک فراہم نہیں کیے گئے۔

یاد رہے کہ 2 سال پہلے ملتان نشتر ہسپتال میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا جہاں کی چھت سے پرانی تعفن زدہ لاشیں برآمد ہوئی تھیں جن میں سے کچھ کمرے میں اور کچھ کھلے میدان میں پڑی تھیں۔ ہسپتال انتظامیہ کا موقف تھا کہ ہسپتال میں موجود سرد خانے میں لاشوں کو محفوظ کیا جاتا ہے تاہم پولیس کی طرف سے ملنے والی لاوارث لاشوں جن کے سڑنے کا عمل شروع ہو جاتا ہے انہیں چھت پر کمروں میں رکھا جاتا ہے۔