
خواجہ آصف نے عمران خان کو مودی سے زیادہ خطرناک اور پاکستان کا اندرونی دشمن قرار دیدیا
وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے زیادہ خطرناک اور پاکستان کا اندرونی دشمن قرار دیدیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹالک میں میزبان حامد میر سے خصوصی گفتگو کرتےہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ہمارا جو بیرونی دشمن ہے ہمیں اس کا پتا ہے اور اس کی شناخت ہے، یہ ہمارے اندر ایک دشمن پیدا ہوگیا ہے جس کی شناخت ابھی بھی لوگ نہیں کرپارہے، یہ ہمارے بیرونی دشمن سے بھی کئی گنا زیادہ خطرناک ہے۔
میزبان حامد میر نے سوال کیا کہ عمران خان مودی سے زیادہ خطرناک ہے؟ خواجہ آصف نے کہا جی بالکل کیونکہ اس کی شناخت نہیں ہوپارہی لوگوں کو، اس کی اصلیت سامنے نہیں آرہی، وہ ہمارے صفوں میں موجود ہے ، جودشمن آپ کی صفوں میں موجود ہوگا وہ سامنے موجود دشمن سے زیادہ خطرناک ہوگا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارےاندر ایسےملک دشمن پیدا ہوگئے ہیں جو ہماری وحدت اور ہماری سلامتی کو خطرہ پہنچارہے ہیں، 9 مئی کا دن اس بات کی شہادت ہے، جو کچھ اس دن ہو ا وہ بغاوت تھی، اس دن فوجی تنصیبات پر حملہ ہوا جو ہمارا دشمن بھی آج تک نہیں کرسکا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں کے کیسز فوجی عدالتوں میں چلائے جارہےہیں وہ فیصلوں کے خلاف آرمی چیف کو اپیل کرسکتےہیں، آرمی چیف کےفیصلے کےبعد سویلین عدالتوں میں بھی اپیل کا حق ہوگا۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/khawaja-asif-imran-khan.jpg