بنت حوا اب اپنی آخری آرام گاہ میں بھی محفوظ نہیں رہی، قبرستان میں بھی خواتین کی لاشوں کی بے حرمتی ہونے لگی، ایسا ہی ایک واقعہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے کورنگی میں پیش آیا جہاں لاشوں سے جنسی زیادتی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کورنگی کے علاقے میں واقعہ قبرستان میں عوام نے آدھی رات کے وقت مبینہ طور پر لاشوں سے جنسی زیادتی کرنے والے ملزم کو پکڑ لیا جسے شہریوں نے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار کیا گیا ملزم کورنگی کے قبرستان سے 8 سال پہلے بھی پکڑا گیا تھا، ملزم خواتین کی قبریں کھود کر لاشیں باہر نکال کر انہیں جنسی زیادتی کا نشانہ بناتا تھا۔ ملزم قبرستان میں دفن ہونے والی تازہ قبروں پر نظر رکھتا تھا اور اس نے انکشاف کیا ہے کہ اس نے 4 خواتین کی لاشوں کو قبر سے نکال کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
گزشتہ رات درندہ صفت ملزم نے میت کے ساتھ غیراخلاقی حرکت کرنے کی کوشش کی تھی جس پر وہاں موجود شہریوں نے اسے پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور عوامی کالونی تھانے کی پولیس کے حوالے کردیا۔ ڈسٹرکٹ کورنگی پولیس کے ترجمان نے بھی واقعے کی تصدیق کی ہے اور بتایا گیا ہے کہ خاتون کی لاش 10 سے 12 روز پرانی ہے، پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی قبروں سے بچوں کی لاشیں نکالنے والا ملزم پکڑا گیا تھا جس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا تھا، ملزم کو ساندہ پولیس نے گرفتار کیا تھا جس نے 5 بچوں کی لاشیں قبروں سے نکالی تھیں۔ ملزم بچوں کی تدفین کے چند گھنٹوں بعد ہی قبر سے لاش نکال کر انہیں 10 سے 15 گز کے فاصلے پر رکھ دیتا تھا اور پولیس کو خود ہی اطلاع دیتا تھا۔