وفاقی حکومت کی جانب سے گزشتہ روز متعارف کروائی گئی نئی معاشی پالیسی سرمایہ کاروں کو متاثر نا کرسکی، اسٹاک مارکیٹ میں مندی قائم۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے تیسرے روز اسٹاک مارکیٹ میں مندی چھائی رہی، کراچی اسٹاک ایکسچینج میں 432 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
کاروبار کا آغاز گزشتہ روز کے ہنڈرڈ انڈیکس 40ہزار653اعشاریہ3 سے ہوا تو مندی نے مارکیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، ایک موقع پر انڈیکس 40ہزار804 پوائنٹس کی سطح تک اوپر ضرور گیا مگر یہ تیزی برقرار نا رہ سکی۔
کاروبار کے اختتام تک ہنڈرڈ انڈیکس 432اعشاریہ24 پوائنٹس کی کمی کے بعد 40ہزار 220اعشاریہ 79 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے معاشی بحالی کیلئے ایک قومی پلان متعارف کروایا تھا، معاشی بحالی کے حوالے سے "اکنامکس ریوائیول پلان" کے عنوان سے جامع حکمت عملی تیار کی گئی ، اس پالیسی کے تحت "اسپیشل انوسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل" قائم کی گئی۔
اس پالیسی کا مقصد معاشی مسائل و بحرانوں کے حل اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل مسائل رکاوٹیں دور کرنا ہے، حکمت عملی پر تیزی سے عمل درآمد کروانے کیلئے ایس آئی ایف کونسل قائم کی گئی، یہ کونسل سرمایہ کاروں کو سنگل ونڈو سہولیات فراہم کرنے کا کردار ادا کرے گی۔