پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے نامعلوم مقام سے بانی پی ٹی آئی کیلئے پیغام جاری کردیا ہےجس میں انہوں نے پارٹی گروہوں کے حوالےسے عمران خان کو آگاہی دی اور اپنی تجاویز پیش کیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ ایک سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے میں اپنے گھر سے دربدر ہوں، خان صاحب سے براہ راست رابطہ نہیں ہے اس لیے بطور مجبوری سوشل میڈیا کا استعمال کررہا ہوں کیونکہ پیغام رساں ہی اصل مسائل کی جڑ ہیں، میں نے عمران خان کی غیر موجودگی میں پارٹی کو 8 فروری سے پہلے تک جوڑ کررکھا تھا، تمام زیر تاب لوگ ایک پیج پر تھے اور پارٹی میں دھڑے بندی بھی نہیں تھی۔
حماد اظہر نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئےکہا کہ انتخابات کے بعد کچھ لوگ حکومت میں آئے، کچھ پارلیمان میں اور کچھ ابھی بھی زیر تاب ہیں، یہ تین گروہ ہیں جن کے مفادات اور سوچ مختلف ہے، ان سب کو آپ نے ایک پیج پر لانا ہے، کسی کو بھی آپ کی سوچ سے مختلف حکمت عملی کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، اگر کسی کی سوچ مختلف ہو تو ایسے فرد کو سکرین پر جانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کا کہنا تھا کہ دو گروپ اور ہیں جن کا تعلق دو مختلف پیغام رساؤں کے ساتھ ہے، یہ ضرورت سے زیادہ اہمیت حاصل کرگئے ہیں اور پارٹی میں اپنے من پسندوں کے بارے میں آپ کو فیڈ بیک دیتے ہیں اور اپنی پسند کے الفاظ آپ کی زبان سے نکلوا لیتے ہیں۔
انہوں نے عمران خان کو تجویز دی کہ آپ سب سے زیادہ پارٹی کے سیکرٹری جنرل اور شبلی فراز سے ملاقات کیا کریں اور باقی 4 لوگ ہر ہفتے تبدیل کرلیا کریں، عمر ایوب اور شبلی فراز کی وجہ سے پارٹی نے مشکل وقت کاٹا ہے مگر ان سے آپ کی ملاقاتیں اتنی نہیں ہوتیں جتنی ہونی چاہیے۔
حما داظہر نے خواتین سے ملاقات کے حوالےسے بھی عمران خان کو تجاویز دیں اور کہا کہ بہت سے معاملات میں خرابی اور آپ کو غلط فیڈ بیک کی وجہ ثابت ہوتی ہے، یہ اتنے بڑے مسائل نہیں ہیں جن کو دور نا کیا جاسکے، تاہم اگر اس کو حل کیے بغیر چھوڑ دیا تو شدید نقصان ہوگا، میں پارٹی کےکسی عہدے کا خواہش مند ہوں نا ہی کبھی تھا، آپ کے ہی اصرار پر ذمہ داری لی تھی، میں اب بھی بغیر کسی عہدے کے پارٹی کیلئے کام کرتا رہوں گا، آپ کے ساتھ کھڑا تھا اور انشااللہ کھڑا رہوں گا۔