ناران کے مشہور سیاحتی مقام اور ایشیاء کی خوبصورت ترین جھیل سیف الملوک کا وجود خطرے میں پڑگیا ہے، پہاڑی ملبے نے جھیل کو تیزی سے کم کرنا شروع کردیا ہے۔
خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ناران میں واقع قدرتی حسن سے مالا مال جھیل سیف الملوک کا وجود تیزی سے خطرے میں پڑگیا ہے، ماہرین کے مطابق تیز بارشوں کے بعد پہاڑوں سے برساتی پانی کے ساتھ آنے والا ملبہ جھیل کے قطر کو تیزی سے کم کررہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بارشوں کے دوران پانی کے ساتھ مٹی اور پتھروں کی بڑی تعداد جھیل میں گرتی ہے جس کے باعث جھیل کی گہرائی کم ہوتی جارہی ہے، اگر جھیل میں گرنے والے ملبے کو نا روکا گیا تو شدید بارشوں کے دوران جھیل میں اوور فلو کا خطرہ ہے اور اوور فلو کے نتیجے میں ناران کے بازار کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ہے۔
خیال رہے کہ جھیل سیف الملکوک ناران میں واقع ہے، اسے فارسی شہزادے سیف الملوک اور پریوں کی شہزادی بدری جمالہ کے ناموں سے منسوب کیا جاتا ہے، سطح سمندر سے3ہزار224 میٹر بلند جھیل 1اعشاریہ6 قطر، 113 فٹ گہری ہے ، ناران آنے والے تمام سیاح ایشیاء کی اس خوبصورت ترین جھیل کو دیکھنے ضرور آتے ہیں، اس جھیل کے برفانی نظارے اپریل سے اگست تک مسلسل بدلتے رہتے ہیں۔