
مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سابق وزیر خزانہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل کی مسلسل حکومتی معاشی پالیسیوں پر تنقید کا جواب دیدیا ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں سابق وزیر خزانہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل کی معاشی پالیسیوں پرتنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ملک کا معاشی عدم استحکام مفتاح اسماعیل کی نکتہ چینی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ جب سے مفتاح اسماعیل وزارت سے سبکدوش ہوئے ان کے معاشی صورتحال پر تبصرے سننے کو ملتے ہیں، وہ ن لیگ کا حصہ ہیں اور ان کی قابلیت مسلمہ ہیں، جماعت آج بھی ان کے علم سے براہ راست استفادہ حاصل کرسکتی ہے ، ان کی نکتہ چینی حکومت کیلئے مفید ثابت ہوسکتی ہے اگر وہ جماعت کو اعتماد میں لیں اور جماعت کے ساتھ گزارے اچھے وقت کو یاد رکھیں۔
خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پارٹی نے دو بار انہیں وزیر خزانہ کے عہدے سے نوازا ہے، انہیں وزارت سے ہٹائے جانے کا گلہ ہوسکتا ہے مگر یہ پارٹی کو ٹارگٹ کرنے کا جواز ہرگز نہیں ہوسکتا، باوقار سیاسی ورکر سردی و گرمی دونوں کو برداشت کرتے ہیں اور سرخرو ہوتے ہیں، اگر وفاداری مشروط ہو تو وہ کاروبار ہوتی ہے۔
وفاقی وزیر دفاع نےٹویٹر پر یہ ردعمل دینے پر معذرت بھی کی اور کہا کہ میں نے مجبورا سوشل میڈیا کا سہارا لیا کیونکہ مفتاح اسماعیل کی تنقید کا سارا سلسلہ میڈیا کی زینت ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی کابینہ میں مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل کو ہی وزارت خزانہ کا قلمدان سونپا گیا تھا تاہم اسحاق ڈار کی واپسی کی راہیں ہموار ہونے کے بعد مفتاح اسماعیل سے استعفیٰ لے کر اسحاق ڈار کو یہ قلمدان سونپ دیا گیا، مفتاح اسماعیل اس کے بعد سے میڈیا پر حکومتی معاشی پالیسیوں خصوصا آئی ایم ایف سے مذاکرا ت کے طریقہ کار پر تنقید کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔