لاہور میں جرمن سیاح کو لوٹنے والے 3ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، غفلت برتنے پر ڈولفن اسکواڈ کے 4 اہلکار بھی گرفتار کرلیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے لاہور میں جرمن سیاح کو تشدد کا نشانہ بنا کر لوٹنے والے تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، ملزمان کو غازی آباد اور برکی کے علاقے سےگرفتار کیا گیا اور ان کے قبضے سے سیاح کا چھینا ہوا کیمرہ اور موبائل فون بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے شمالی چھاؤنی کے علاقے میں جرمن سیاح کو لوٹا تھا، گرفتار ملزمان سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
دوسری جانب واردات کے بعد موقع پر پہنچنے والے ڈولفن اسکواڈ کے چار اہلکاروں کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، ڈولفن پولیس کے اہلکار واردات کے بعد سیاح کو کارروائی نا کرنے پر قائل کرنے کی کوشش کرتے رہے، ڈولفن پولیس نے واردات کے حوالے سے کسی بھی اعلیٰ افسر کو آگاہ بھی نہیں کیا اور بغیر کسی کارروائی کے سیاح کو مطمئن کرکے موقع سے روانہ ہوگئے۔
واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد سی سی پی او لاہور نے چاروں اہلکاروں کو دفتر بلوا کر گرفتار کروایا اور چاروں کو تھانہ سول لائنز کے حوالات میں بند کروادیا،سی سی پی او نے سنگین غفلت برتنے پر اہلکاروں کو معطل کرنے ہوئے ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم بھی دیدیا۔