اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں بریت کی درخواستوں پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں کی سماعت کی۔ عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 28 جنوری تک جواب طلب کرلیا۔
عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے درخواست کی کہ توشہ خانہ ٹو کیس کے ٹرائل پر حکمِ امتناعی جاری کیا جائے۔ جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر کرمنل کارروائی کو روکے رکھنے کی کوئی عدالتی نظیر موجود نہیں۔ دوسرے فریق کو سننے کے بعد ہی فیصلہ کیا جائے گا۔ ہم آپ کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہیں اور دوسرے فریق سے بھی جواب طلب کریں گے۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے مختلف عدالتی فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پراسیکیوشن کا موقف ہے کہ تحفہ وصول کیا گیا تھا اور اس کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضمانت کی دو درخواستوں پر بھی حکم جاری ہوچکا ہے اور ٹرائل کورٹ کو کارروائی روکنے کا حکم دیا جائے۔
جسٹس انعام امین منہاس نے کہا کہ ٹرائل کورٹ میں فرد جرم عائد ہوچکی ہے اور گواہوں کے بیانات بھی ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوٹس جاری کرکے دوسرے فریقین سے بھی جواب مانگ لیتے ہیں اور جلد سماعت کی جائے گی۔ اس پر سلمان صفدر نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ یہاں سے کچھ حاصل نہیں کر پائیں گے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ بریت کی درخواست لے کر آئے ہیں اور ہم ٹرائل کورٹ کو ہدایت دے سکتے ہیں کہ وہ کارروائی جلد مکمل کرے۔
وکیل نے کہا کہ ٹرائل بہت تیزی سے چل رہا ہے اور اگر بلایا جائے تو وہ پیش ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر سماعت بھی ہوسکتی ہے اور استدعا کی کہ ٹرائل کورٹ کو حتمی فیصلہ کرنے سے روکا جائے اور کیس کسی دوسرے بینچ کو بھیجا جائے۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے مزید کہا کہ اس سے پہلے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اس کیس سے متعلق پانچ درخواستوں کی سماعت کی تھی، اس لیے یہ مناسب ہوگا کہ بریت کی درخواستیں بھی وہی عدالت سنے۔ جسٹس انعام امین منہاس نے جواب دیا کہ وہ ضمانت کی درخواستیں تھیں اور یہ معاملہ مختلف ہے، اس لیے یہ عدالت کیس کی سماعت کرے گی اور آپ کیس کے میرٹس پر دلائل دیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 28 جنوری تک ملتوی کردی۔
- Featured Thumbs
- https://i.ibb.co/FbTkzCb/khan-and-bushra-bibi.jpg