ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بیرون ملک پاکستانی شخصیات کے ساتھ ہونے والے نازیبا سلوک پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔خواجہ آصف کو دھمکیوں اور گالیوں کی مذمت کرتے ہیں، کسی پاکستانی شہری کے ساتھ بدتہذیبی قابل قبول نہیں۔
انہوں نے وزیر دفاع خواجہ آصف کو دھمکیوں اور گالیوں کی مذمت کی اور کہا کہ بیرون ملک کسی بھی پاکستانی شہری کے ساتھ بدتہذیبی ناقابل قبول ہے۔
بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات برداشت نہیں کیے جائیں گے اور پاکستانی ہائی کمیشن بھی سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے معاملے میں مقامی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے۔
دوسری جانب لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہوا وہ وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے، واقعہ کی پولیس رپورٹ درج کرانے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ قانونی ضابطہ کے تحت کارروائی کا آغاز ہوچکا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وہ دھمکیاں دینے والوں کو نہیں جانتے، تاہم کچھ لوگ اس ویڈیو میں شناخت کیے جاسکتے ہیں۔’ادھر ٹیوب (انڈر گراؤنڈ ٹرین) کا کیمرہ بھی تھا جس کی ویڈیو بھی حاصل کرلی گئی ہے۔‘