اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے کے دوران لگائے گئے کنٹینرز کے کرایے کی مد میں اسلام آباد پولیس نے10کروڑ سے زائد کی رقم ادا کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے 20 اگست کو 150 کنٹینرز پہنچائے گئےجس کے بعد یکم ستمبر کو مزید 100 کنٹینرز وفاقی دارالحکومت کے راستوں پر رکھے گئے اور پھر 7 ستمبر کی رات کو مزید 205 کنٹینرز اسلام آباد پہنچائے گئے۔
پولیس کے مطابق اس وقت اسلام آباد کی حدود میں 400 سے زائد کنٹینرز موجود ہیں، جلسے کیلئے ڈیوٹی دینے والے پولیس اہلکاروں کو دو وقت کا کھانا بھی فراہم کیا گیا جس پر تقریبا 25 لاکھ روپے کے اخراجات آئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات کے جلسے کے بعد وفاقی دارالحکومت میں سیاسی سرگرمیاں ختم ہوگئی ہیں مگر تاحال کنٹینرز شہر کی شاہراہوں پر موجود ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کنٹینرز بل اور پولیس کے کھانے کی مد میں 10کروڑ سے زائد کی رقم ادا کی گئی ہے۔