تحریک انصاف کا بیساکھیوں اور جعلسازی سے الیکشن جیتنے کا عزم
اگر وردی اور کالے کوٹ کی سازشوں اور بد معاشیوں نے نون لیگ کو پٹخ پٹخ کر بے حال نہ کیا ہوتا تو اس بات میں کوئی شک نہیں کہ 2018 کے انتخابات میں تحریک انصاف سے پنجاب میں بہتر کارکردگی دکھانا تو کجا خیبر پختونخوا میں حکومت بنانا بھی ناممکن ہوتا۔ اس بات کا اظہار نون لیگ کی قیادت بار بار کرتی بھی رہی کہ پی ٹی آئی اگلے الیکشن میں خیبر پختونخوا میں بھی حکومت نہیں بنا پائے گی۔ اور اس کی وجہ تحریک ناانصاف کی نااہلی اور جھوٹ اور لفاظی کی سیاست ہے۔
سال 2013 میں جب پشاور اور خیبر پختونخوا طوفانی بارشوں میں ڈوبا ہوا تھا، عمران خان اپنا سونامی اسلام آباد کے ڈی چوک پر سجائے امپائر کی انگلی کے سپنے دیکھ رہے تھے۔
عمران نے قسم کھائی کہ جب تک نواز سے استعفیٰ نہیں لے لوں گا، دھرنا ختم نہیں کروں گا۔ ایک اور قسم کھائی کہ دوسری شادی تب کروں گا جب نواز حکومت ختم ہو جائے گی۔
مگر عمران خان نے بغیر کفارہ دونوں قسمیں توڑ دیں، اور نواز کا استعفیٰ لیے بغیر نہ صرف دھرنا ختم کیا بلکہ دھرنے کے اختتام سے پہلے ہی ریحام خان سے دوسری شادی کر لی، کیوں کہ اس وقت تک پنکی نے عمران کو کنکی مشورے دینا شروع کر دیے تھے۔
نواز لیگ کہتی تھی کہ دھرنے کا فیصلہ اس لیے کیا گیا کیوں کہ خلائی مخلوق کا جاسوسی نیٹ ورک، آئی ایس آئی، اپنے سابقہ مائی باپ پرویز مشرف کے خلاف نواز حکومت کی کارروائی کو اپنے ادارے کی ناک پر حملہ تصور کر رہا تھا، اور اس انا اور خدائی فوجداری کا ردعمل عمران خان کی کرائے کی سونامی کے ذریعے سامنے آرہا تھا۔ تاہم عمران خان کا سارا عزم اور سارا جوش، رفتہ رفتہ ٹھنڈا ہونے کے بعد دسمبر کے مہینے میں قلفی بن گیا، جب عمران دھرنے سے فرار کے لیے کسی بہانے کی تلاش میں تھے۔ بہانہ ملا، اے پی ایس پر حملے کو بہانہ بنایاگیا۔
آئی ایس آئی اور عمرانی سونامی کو توڑنے کے لیے نواز شریف کے جمہوری اتحادیوں بالخصوص پاکستان پیپلز پارٹی کا خاص کردار تھا۔ پاکستان کی جمہوری قوتیں پارلیمنٹ ہاؤس میں جمع ہوئیں۔ غیر جمہوری خلائی مخلوق کو واضح پیغام دیا کہ اب تم لوگ اپنے پرانے ہتھکنڈے آزما کر حکومتیں نہیں گرا سکتے۔
تاہم، نواز کی قسمت خراب تھی۔ 2016 میں امریکی سی آئی اے اور چیدہ چیدہ جاسوسی ایجنسیوں نے اپنے عزائم کی تکمیل کے لیے پنامہ لیکس کو استعمال کیا۔ برطانیہ، جو عمران خان کے لیے مثالی ریاست بلکہ ان کی جنت ہے، جہاں ان کی حور اسرائیلیہ، جمائمہ، دونوں عمرانی شہزادوں کے ساتھ مقیم ہے، وہاں کے وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کے والد کا نام بھی اسی طرح پنامہ لیکس میں آیا جس طرح نواز شریف کے بچوں کے نام سامنے آئے۔ مگر برطانوی وزیراعظم نے آف شور کمپنی سے فائدہ اٹھانے کے باوجود استعفیٰ نہیں دیا۔ وجہ یہ تھی کہ برطانیہ کی فوج اور جاسوسی ایجنسیاں وہاں کسی تحریک انصاف کو حکومت کے خلاف استعمال نہیں کر رہی تھیں۔
دھرنے کے بعد پنامہ اسکینڈل کے ساتھ ہی شوکت خانم میڈیا سیل ، خلائی مخلوق کی سرپرستی میں پوری قوت کے ساتھ متحرک ہو گیا۔ پرائیویٹ ٹی وی چینلز، سوشل میڈیا، لفافہ صحافیوں نے نواز شریف خاندان کے خلاف ایک بھرپور پراپیگنڈہ مہم چلائی۔
اس بار پیپلز پارٹی کو نون لیگ سے دور کرنے کے لیے ڈاکٹر عاصم اور ایان علی کے علاوہ عزیر بلوچ کو گرفتار کیا گیا۔ دنیا کی نمبر ون ایجنسی کو اس سے پہلے ان افراد کی مشکوک سرگرمیوں کا پتہ نہیں تھا؟ عزیر بلوچ اور لیاری گینگ کے باقی 'بغیر داڑھی والے جہادیوں' نے کراچی شہر میں بھی ایک 'اسٹریٹیجک ڈیپتھ' قائم کی ہوئی تھی، ان دہشت گردوں کے سر پر آصف زرداری کا ہاتھ تھا، مگر ان کو روکا نہیں گیا۔ روکا صرف تب گیا جب زرداری کی گردن دبوچنے کی ضرورت پیش آئی۔ زرداری کو نہ صرف نواز شریف کی مخالفت پر مجبور کیا گیا، بلکہ اس کے ساتھ مسٹر ٹین پرسنٹ سے سوئس اکاؤنٹس، غیر ملکی اثاثے، سرے محل وغیرہ پر ڈیل کی گئی اور ان کے خلاف نیب کے تمام مقدمات واپس بھی لے لیے گئے۔
زرداری آج بھی سپریم کورٹ اور نیب کے آہنی شکنجوں سے مکمل مامون و محفوظ ہیں۔ اور وجہ یہ ہے کہ زرداری کو نہ صرف خلائی مخلوق کے آگے سجدہ ریز ہونا پڑا بلکہ نواز کی مخالفت پر بھی کمر بستہ ہونا پڑا۔
نواز لیگ کو اسی طرح تنہائی اور آئی سولیشن کا شکار بنادیا گیا جس طرح ہندوستان، پاکستان کو عالمی برادری میں تنہا کرنے کی سازشیں کرتا رہا ہے۔
بات یہ ہے کہ اگر نواز چور ہے، تو کیا آصف زرداری فرشتہ ہے؟ اور کیا عمران خان جن ساتھیوں اور الیکٹیبلز کے ساتھ مل کر وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں وہ کیا ولی اور قطب ہیں؟
انصاف ہو تو سب کے ساتھ یکساں ہو، ورنہ بالکل نہ ہو۔ ایسا انصاف جو ایک چور کو پکڑے اور ایک لاکھ چوروں کو آزاد کرے، صرف اور صرف فساد لاتا ہے۔
تبھی کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں 300 مزدوروں کو زندہ جلانے والے، ثاقب نثار کی باوردی عدالت میں نہیں گھسیٹے گئے۔ اسی لیے راؤ انوار کے خلاف گواہی دینے والے جان سے مار دیے جارہے ہیں، اور اسی لیے بحریہ ٹاؤن کا ڈان، ملک ریاض، ثاقب نثار کی عدالت کو پانچ ارب رشوت دے کر پاک صاف ہو گیا۔ تحریک انصاف زرداری اور ملک ریاض کو نہیں، صرف اور صرف نواز شریف اور ان کی صاحب زادی کو اڈیالہ جیل بھیجنے کی متمنی ہے۔
ان حقائق کی روشنی میں مجھے یہ بات کہنے میں ایک فی صد بھی شک نہیں کہ اگر نواز لیگ کو پہلے دھرنا 2013 اور پھر پنامہ کے اندر نہ گھسیٹا گیا ہوتا تو تحریک انصاف تیسرے درجے سے 2018 تک چوتھے اور پانچویں درجے کی جماعت بن چکی ہوتی۔
جو لوگ بلند بانگ دعووں کے باووجود نیا خیبر پختونخوا نہیں بنا سکے، وہ نیا پاکستان کیا خاک بنائیں گے۔