بلوچستان کے ضلع آوران میں بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کے ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد سرغنہ شمبین عرف شہک کو اس کے اپنے ہی ایک ساتھی نے ہلاک کر دیا۔
ذرائع کے مطابق شمبین عرف شہک بی ایل ایف کا ایک اہم کمانڈر تھا اور ملک میں ہونے والی بہت سی دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہ چکا ہے۔ شمبین عرف شہک کی ہلاکت کو بھارتی فنڈنگ کے بعد بی ایل ایف کے اندرونی تنازعات اور اختیارات حاصل کرنے کی جنگ کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان لبریشن فرنٹ اور بھارت کی طرف سے فنڈنگ حاصل کرنے والے دہشت گرد گروپوں میں مالی وسائل اور قیادت کے تنازعے کی وجہ سے ان دہشتگرد تنظیموں کے درمیان پھوٹ پڑ گئی ہے اور اختیارات کی جنگ شروع ہو چکی ہے۔ شمبین عرف شہک قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں پر حملوں اور ہتھیار ڈالنے والوں کے قتل میں ملوث ہونے کے باعث اداروں کو مطلوب تھا۔
ذرائع نے شمبین عرف شہک کی ہلاکت سے متعلق تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف بہت سے اہم حملوں میں براہ راست ملوث رہ چکا ہے۔ شمبین بلوچستان لبریشن فرنٹ کی طرف سے کی جانےو الی دہشت گردانہ سرگرمیوں میں مرکزی کردار کا حامل تھا جس کی ہلاکت کے بعد تنظیم میں پڑنے والی پھوٹ کھل کر سامنے آنا شروع ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ بی ایل ایف صوبہ بلوچستان میں سرگرم ایک گوریلا تنظیم ہے جو بلوچستان کی علیحدگی کے ایجنڈے پر کام کرتی ہے اور بلوچستان میں گیس لائنیں اڑانے، پولیس وفون پر حملوں اور غیرمقامی شہریوں پر حملے کرنے میں ملوث رہ چکی ہے اور اس دہشت گرد تنظیم کو بھارت سے فنڈنگ کی جاتی ہے۔