
یورپی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات میں رواں مالی سال کے دوران ریکارڈ کمی دیکھی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے رواں مالی سال کی ترسیلات زر کے حوالے سے اعدادوشمار جاری کردیئےہیں جس کے مطابق جولائی سے اپریل کے دوران یورپی یونین کے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی جانب سےبھیجی گئی ترسیلات زر میں سالانہ بنیادوں پر 7اعشاریہ7 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق فرانس، جرمنی، اسپین، اٹلی اور ہالینڈ سمیت دیگر یورپی ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی جانب سے رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں 2اعشاریہ590 ارب ڈالر کی ترسیلات بھیجی گئیں۔
ترسیلات زر کا یہ حجم گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 7اعشاریہ 7 فیصد کم ہے،گزشتہ مالی سال کےا س عرصے میں ترسیلات زر کا حجم2اعشاریہ805 ارب ڈالر تھا، رواں مالی سال اپریل کے مہینے میں پاکستان کو 257اعشاریہ3 ملین ڈالر کی ترسیلات حاصل ہوئیں، مارچ کے مہینے میں یہ ترسیلات297 ملین جبکہ گزشتہ مالی سال اپریل کے مہینے میں 297اعشاریہ2 ملین ڈالر تھیں۔
خیال رہے کہ رواں مالی سال میں جولائی تااپریل ابتدائی 10 ماہ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے مجموعی طور پر بھیجی گئی ترسیلات زر میں سالانہ بنیادوں پر 13 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
- Featured Thumbs
- https://www.siasat.pk/data/files/s3/6shehbabbashahrifjfhfhhf.jpg