پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے پاکستانیوں کو نشانہ بنانے کے دعوے کو اعتراف جرم قرار دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے بھارت کے وزیر دفاع کے اشتعال انگیز ریمارکس پرردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے پاکستان میں ماورائے عدالت اور بین الاقوامی قتل عام کی مہم کے ثبوت موجود ہیں، پاکستان نے 25 جنوری کو بھارتی دراندازی کے ناقابل تردید ثبوت بھی فراہم کیے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی جارحیت کے خلاف پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ کیلئے مکمل پرعزم ہے، بھارت کی جانب سے مزید پاکستانیوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ واضح طور پر اعتراف جرم ہے، 2019 کے فروری کو بھی بھارت کو جارحیت پر سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تھا جس سے بھارتی فوجی برتری کے تمام دعوے بے نقاب ہوگئے تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ روایہ علاقائی امن کو نقصان پہنچاتا ہے، ہماری امن کی خواہش کو غلط نہیں سمجھا جانا چاہیے، پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا، تاریخ پاکستان کے پختہ عزم و بھرپور دفاع کی صلاحیت کی گواہ ہے، عالمی برادری بھارت کے گھناؤنے و غیر قانونی اقدامات پر محاسبہ کرے۔