بھارت میں ڈبل شاہ طرز پر آن لائن ٹریڈنگ ایپ کے ذریعے 2200 کروڑ کے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے، فراڈ میں مشہور بھارتی اداکارہ اور ان کے شوہر کے ملوث ہونے کے شواہد ملنے پر پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست آسام میں پولیس نے آن لائن اسٹاک ٹریڈنگ ایپلی کیشن کے ذریعے 22 کروڑ کے فراڈ کا معاملہ سامنے آنے پر مشہور اداکارہ و کوریوگرافر سومی بورا اور ان کے شوہر تارکک بورا کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس نے واقعہ سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا(ایس ای بی آئی) کی رجسٹریشن کے بغیر ہی ایک آن لائن اسٹاک ٹریڈنگ پلیٹ فارم چلایا جارہا تھا جو کہ غیر قانونی ہے، ابتدائی تفتیش کے مطابق اس پلیٹ فارم کے ذریعے ہزاروں افراد کو لوٹا گیا اور مجموعی طور پر 2200 کروڑ کا فراڈ کیا گیا۔
پولیس نے اداکارہ و ان کے شوہر کی گرفتار کے حوالے سے بیان میں کہا ہے کہ ممکن ہے کہ دونوں ملزمان نے شوبز انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں کے ساتھ جعلسازی کی ہو،تفتیش کے بعد مزید ملزمان کی گرفتاری کا بھی امکان ہے۔
دوسری جانب اداکارہ سومی بورا نے ان تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اس طرح کے کسی بھی جرم میں ملوث نہیں ہیں، ان کا میڈیا ٹرائل کیا جارہا ہے۔