
سالگرہ تقریب کیلئے اہلکاروں نے چڑیا گھر کو اپنے حصار میں لے رکھا تھا اور ہر جگہ پر سکیورٹی تعینات کی گئی تھی : ذرائع
کراچی کے افسران وی آئی پی پروٹوکول اپنے اہل خانہ کیلئے بھی استعمال کرنے لگے، عام عوام کے بچوں کی تفریح کے لیے بنایا گیا چڑیا گھر پرائیویٹ پارٹی کیلئے مختص ہونے لگا۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں عام شہریوں اور ان کے بچوں کی تفریح کیلئے قائم چڑیا گھر پرائیویٹ پارٹی کے باعث بند کر دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری سندھ نجم شاہ کی بیٹی کی سالگرہ کی تقریب کا عام شہریوں کیلئے قائم چڑیا گھر میں کا انعقاد کیا گیا اور اس موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے اور عام شہریوں کو سیروتفریح سے روکنے کے ساتھ سے بچوں کا داخلہ بھی بند کر دیا گیا ہے۔
اے آر وائے نیوز کی طرف سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چیف سیکرٹری سندھ کی بیٹی کی سالگرہ تقریب کیلئے کراچی میں چڑیا گھر کے مغل گارڈن میں کرسیاں لگا کر انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ سارا چڑیا گھر ویران پڑا ہے اور شہری اپنے بچوں کے ہمراہ چڑیا گھر کے باہر کھڑے انتظار کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق نجم شاہ کی بیٹی کی سالگرہ تقریب کیلئے اہلکاروں نے چڑیا گھر کو اپنے حصار میں لے رکھا تھا اور ہر جگہ پر سکیورٹی تعینات کی گئی تھی جبکہ املی گلی کو بھی عام شہریوں کیلئے بند کر دیا گیا تھا۔ تقریب کے موقع پر عام شہری اور ان کے بچے چڑیا گھر کے باہر انتظار کرتے رہے۔