بنگلہ دیش: عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس ڈھاکا پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر خطاب کے دوران آبدیدہ ہوگئے
بنگلہ دیش میں جمہوری حکومت کے اختتام کے بعد عبوری حکومت کے سربراہ مقرر ہونے والے نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس ڈھاکا پہنچ گئے ہیں، ایئر پورٹ پر عوام اور میڈیا سے خطاب کے دوران ڈاکٹر محمد یونس آبدیدہ ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش میں انقلابی تبدیلی کے بعدبنگلہ دیشی فوج نے ملک میں عبوری حکومت قائم کرنے کا اعلان کیا تھا جس کےسربراہ کے طور پر ڈاکٹر محمد یونس کا نام سامنے لایا گیا ہے۔
ڈاکٹر محمد یونس اس اعلان کے بعد ڈھاکا میں اپنی رہائش گاہ پہنچ گئے ہیں،ا نہوں نے ایئر پورٹ پر استقبال کیلئے آنے والی عوام اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کی، اس دوران وہ آبدیدہ ہوگئے ، انہوں نے کہا کہ طلبہ نے بنگلہ دیش کو بچا لیا ہے، اب ہم نے ملک میں امن واستحکام کے قیام کیلئے کام کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں انتشار سے بچنے کی حکمت عملی تیار کرنا ہوگی، بنگلہ دیش نوجوانوں کا ملک ہے، ہم ملک کو معاشی مشکلات سے نکالیں گے اور اپنی آزادی کا تحفظ کریں گے۔
ڈاکٹر محمد یونس بطور وزیراعظم پاکستانی وقت کے مطابق آج شام 7 بجے حلف اٹھائیں گے، ان کے ساتھ 15 رکنی مجلس مشاورت بھی حلف اٹھائے گی جس میں طلبہ کی بھی نمائندگی ہوگی۔
واضح رہے کہ محمد یونس کو غریب تین لوگوں کے بینکر کے نام سے شہرت حاصل ہے، انہوں نے 2006 میں نوبل انعام حاصل کیا تھا۔