
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ میں نے وزیراعظم کو پہلے بھی یہ مشورہ دیا ہے آج بھی دے رہا ہوں کہ بزدل، منافق اور جھوٹے آدمی سے بچیں۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام "خبرہے" میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف فیصل واوڈ ا نے کہا کہ ہمیں حکومت میں بہت سے نو رتن بھی تو ملے ہیں جہیز میں ، وہ بھی ہماری مجبوری تھی، اب ان سے ہم کیا امید رکھیں کہ وہ ہمارے ساتھ فرشتے ہوجائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان پر شدید دباؤ ہے، اتنا پریشر ککر پر ہو تو وہ پھٹ جائے، دیوالیہ ملک ملا اس کیلئے قرضہ لینا پڑا تو وزیراعظم برے بن گئے، عالمی منڈیوں میں مہنگائی ہوئی تو وزیراعظم برے بن گئے، احتساب کیا تو برے، احتساب ہو نہیں سکا تو بھی وزیراعظم برے، فیصلے انہوں نے نہیں کیے تو وہ برے، وزیراعظم ہر چیز میں برے بن رہے ہیں کیونکہ وہ اس ملک کیلئے اچھا کرناچاہ رہے ہیں، جس دن انہوں نے برا کرنا چاہا اس دن وہ سب کیلئے اچھے بن جائیں گے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ نواز شریف کی بیماری کے حوالے سے جو رحم پوری قوم کے دل میں پیدا ہوا تھا اسی رحم کے اندر حکومت نے انہیں باہر بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم میں اس وقت بھی اس کا مخالف تھا، میں اور فواد چوہدری کابینہ میں کھڑے ہوگئے تھے اگر ہم ایسا نہ کرتے تو شائد مریم نواز بھی ملک سے باہر چلی جاتیں۔
نواز شریف کو باہر بھیجنے کیلئے کسی دباؤ کے حوالے سے سوال کا جواب گول کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ یہ مجھے سے بہتر عارف حمید بھٹی جانتے ہیں ، پر جو بھی تھا میں یہ کہنا چاہتا ہوں اس ملک کے ساتھ یہ مذاق اب بند ہونا چاہیے چاہے وہ دباؤ کا مذاق ہو، چاہے وہ ویڈیو کا ہو یا حلف نامے کا ہو یا مذہب کارڈ یا ججوں کی بے حرمتی کا ہو۔