برطانوی وزیراعظم کے خلاف اہلیہ کو تحفے میں ملنے والے کپڑے ڈکلیئر نا کرنے پر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیراعظم سر کئیر اسٹارمر کو اقتدار میں آنے کے تین ماہ بعد ہی مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں سال جولائی میں ہونے والے عام انتخابات میں تاریخی فتح حاصل کرنے والے برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر کے خلاف اپنی اہلیہ کو تحفے میں ملنے والے ملبوسات کی تفصیلات اپنے گوشواروں میں ظاہر نا کرنے پر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق برطانیہ کی مقبول شخصیات میں شمار ہونے والے وحید علی نے وزیراعظم کیئر اسٹارمر کی اہلیہ کی شاپنگ کے بلز ادا کیے اور کپڑوں میں ہونے والی تبدیلیوں کے اخراجات بھی اٹھائے گئے، تاہم ان اخراجات کے حوالے سے وزیراعظم کئیر اسٹارمر نے کہیں ذکر نہیں کیا جو کہ ایک طرح سے پارلیمانی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں شمار ہوتا ہے۔
برطانیہ کی اپوزیشن جماعت کنزرویٹو نے بھی اس حوالے سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے جس کے بعد برطانوی وزیراعظم کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔