بانی ودیرینہ کارکن تحریک انصاف کا اثاثہ، نظرانداز نہیں کر سکتے: عمران خان

15khannazriatiworker.jpg

میری خواہش تھی کہ تحریک انصاف کے دیرینہ نظریاتی کارکنوں سے ملاقات کروں۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم وچیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے اپنی رہائشگاہ زمان پارک لاہور میں پی ٹی آئی کے بانی کارکنوں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال ودیگر معاملات پر گفتگو کی گئی۔سابق وزیراعظم نے کارکنوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب لوگ پاکستان تحریک انصاف کا اصل اثاثہ ہیں، آپ کو کسی صورت نظر انداز نہیں کر سکتے۔ میری خواہش تھی کہ تحریک انصاف کے دیرینہ نظریاتی کارکنوں سے ملاقات کروں۔

عمران خان نے کہا کہ آپ لوگوں سے ہمیشہ رابطے میں رہوں گا اور فیڈ بیک لیتا رہوں گا، آپ کو تحریک انصاف کو متحرک کریں، پہلے بھی آپ ایک نظریے کے تحت پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوئے اب بھی اسی نظریے کے تحت آگے بڑھیں گے۔ آئندہ عام انتخابات میں اپنی پارٹی کے بانی ودیرینہ ارکان کو میدان میں اتارا جائے گا۔

https://twitter.com/x/status/1597869858506829824
دریں اثنا چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر نئی عسکری قیادت کو مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی سٹاف کے منصب سنبھالنے پر جنرل ساحر شمشاد مرزا اور جنرل سیّد عاصم منیر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے لکھا کہ امید ہے وہ عوام اور ریاست کے مابین گزشتہ 8 ماہ میں پیدا ہوئے اعتماد کے فقدان خاتمے کی کوشش کریں گے۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان پر مشاورتی عمل کے لیے مختلف پارٹی رہنمائوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں جبکہ اس حوالے سے آئینی ماہرین اور سیاسی رہنمائوں سے بھی صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے پر مشاورت کی جا رہی ہے۔ عمران خان نے آئندہ ہفتے صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے سے متعلق اہم اعلان کرنا ہے جس کے لیے انہوں نے پنجاب اور کے پی کے کی پارلیمانی پارٹی اجلاس بھی طلب کر رکھے ہیں۔

پنجاب پارلیمانی پارٹی اجلاس ہفتے کو جبکہ کے پی کے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس جمعہ کے روز ہو گا جس میں وہ پارٹی ارکان کو اسمبلیاں تحلیل کرنے پر اعتماد میں لینے کے علاوہ حکمت عملی سے کارکنوں کو آگاہ کرینگے۔