
بابر اعظم نےون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 6 ہزار رنز مکمل کرلیے ہیں اور ساتھ ہی ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
کراچی: پاکستان کے سابق کپتان اور اسٹار بلے باز بابر اعظم نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف سہ فریقی سیریز کے فائنل میچ میں 6 ہزار رنز مکمل کر کے نہ صرف بھارتی بلے باز ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑا بلکہ جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ کے ہم پلہ بھی آ گئے۔
کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق، بابر اعظم نے کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ انہوں نے 123 اننگز میں 6 ہزار رنز مکمل کیے، جو ہاشم آملہ کے برابر ہے۔ اس سے قبل ویرات کوہلی نے 136 اور نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن نے 139 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔
بابر اعظم اس کارنامے کے ساتھ تیز ترین ایشین بلے باز بن گئے ہیں۔ ان سے پہلے پاکستان کے سعید انور نے 162 اننگز میں 6 ہزار رنز مکمل کیے تھے، جو اب تک پاکستانی کھلاڑیوں میں سب سے زیادہ اننگز تھیں۔
بابر اعظم کے پاس ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 5 ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ بھی ہے، جو انہوں نے 97 اننگز میں حاصل کیا تھا۔ اس کے علاوہ، تیز ترین 4 ہزار رنز مکمل کرنے میں وہ ہاشم آملہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔
بابر اعظم ون ڈے فارمیٹ میں 6 ہزار رنز بنانے والے 11ویں پاکستانی کرکٹر بن گئے ہیں۔ اس فہرست میں سابق کپتان انضمام الحق 11 ہزار 701 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں، جب کہ محمد یوسف (9,554 رنز) اور سعید انور (8,824 رنز) بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ اس فہرست میں شاہد آفریدی، شعیب ملک، جاوید میانداد، یونس خان، سلیم ملک، محمد حفیظ اور اعجاز احمد بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ بابر اعظم نے 125 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 55.98 کی اوسط سے 5 ہزار 990 رنز اسکور کیے تھے، اور اس فائنل میچ میں انہوں نے 6 ہزار رنز کا ہندسہ عبور کیا۔
بابر اعظم کی اس شاندار کارکردگی نے انہیں عالمی کرکٹ میں مزید نمایاں کر دیا ہے، اور وہ پاکستان کے لیے ون ڈے کرکٹ کے اہم ستون بنے ہوئے ہیں۔