بابر اعظم ، محمد رضوان کو ماہانہ 65 لاکھ 70 ہزار روپے ماہانہ ملیں گے جبکہ میچ فیس اسکے علاوہ ہوگی
نئے معاہدوں میں کھلاڑیوں کی میچ فیس اور ماہانہ تنخواہ تو برقرار ہے البتہ آئی سی سی شیئر کی رقم میں تھوڑا اضافہ ہوگیا جبکہ سنٹرل کنٹریکٹ کا پی سی بی نے کافی تاخیر سےا علان کیا ہے۔
فخرزمان، امام الحق، سرفراز احمد و کئی دیگر اہم نام سینٹرل کنٹریکٹ پانیوالوں میں شامل نہیں ہیں،بورڈنے آسٹریلیا روانگی سے قبل کھلاڑیوں سے معاہدے پر دستخط نہیں کرائے،البتہ ای میل پر منظوری لینے کا پلان ہے۔
نجی چینل کے مطابق ٹیسٹ میچ کھیلنے کا معاوضہ12 لاکھ 57 ہزار 795 ،ون ڈے انٹرنیشنل فیس 6 لاکھ 44 ہزار620 جبکہ ٹی ٹوئنٹی فیس 4 لاکھ 18 ہزار 584 روپے ہے۔
جن کھلاڑیوں کو اے کیٹیگری میں شامل کیا گیا ان میں بابراعظم اور رضوان شامل ہے جنہیں ماہانہ 45 لاکھ روپے کنٹریکٹ کے ملیں گے مگر 2024-25کی آئی سی سی آمدنی کا 3 فیصد حصہ بڑھ کر 20 لاکھ 70 ہزار ماہانہ ہو گیا۔
اس سے قبل انہیں ے15لاکھ 30 ہزار ملتے تھے، یوں مجموعی طور پر رواں دورانیے میں ماہانہ 65 لاکھ 70 ہزار روپے ملیں گے جو انکے بنک اکاؤنٹ میں منتقل ہوتے رہیں گے۔
بی کیٹیگری میں موجود کو مجموعی طور پر ماہانہ 45 لاکھ 52 ہزار 500 روپے ملیں گے جبکہ سی کیٹیگری میں شامل عبداللہ شفیق، ابرار احمد، حارث رؤف، نعمان علی، صائم ایوب، ساجد خان، سلمان علی آغا، سعود شکیل اور شاداب خان ہر ماہ 20 لاکھ 35 ہزار روپے وصول کریں گے۔
ڈی کیٹیگری میں جگہ پانے والے عامر جمال، حسیب اللہ، کامران غلام، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد عباس آفریدی، محمدعلی، محمد حریرہ، محمد عرفان خان، محمد وسیم جونیئر اور عثمان خان کی ماہانہ تنخواہ ماہانہ 12 لاکھ 67 ہزار 500 روپے ہوگی۔
خیال رہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کو ڈومیسٹک میچز کھیلنے پر بھی خطیر معاوضہ مل رہا ہے، فرسٹ کلاس میچ کی فیس 6 لاکھ 28 ہزار898 ، ون ڈے کی 3 لاکھ 22 ہزار 310 ، ٹی ٹونٹی کی فیس 2 لاکھ 9 ہزار292 روپے ہے۔