کرکٹ کے میدانوں سے ایک اہم خبر سامنے آئی ہے جس کے مطابق شائقین کرکٹ کا پاکستان اور بھارت کے کھلاڑیوں کو ایک ہی ٹیم میں کھیلتے دیکھنے کا خواب پورا ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف کرکٹ ٹورنامنٹ ایفرو ایشیا کپ جو 2007ء میں روک دیا گیا تھا ایک بار پھر سے ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جس کے بعد امکان ہے کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم اور بھارتی بلے باز ویرات کوہلی ایک ہی ٹیم کے لیے کھیلیں گے۔
رپورٹ کے مطابق اگلے چند دنوں میں کرکٹ ایڈمنسٹریٹر وآئی سی سی کے چیئرمین کا منصب سنبھالنے والے جے شاہ بھی ہر 2 سال بعد ہونے والے اس کرکٹ ایونٹ کے بحالی کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ ایفرو ایشیا کپ ٹورنامنٹ 2005ء اور اس کے بعد آخری دفعہ 2007ء میں کھیلا گیا تھا جہاں افریقہ الیون اور ایشیا الیون کے درمیان میچ ہوا تھا۔
ایفرو ایشیاکپ کو لانچ کرنے کا بنیادی مقصد افریقن کرکٹ ایسوسی ایشن اور ایشین کرکٹ کونسل کے لیے فنڈز جمع کرنا تھا، ایفرو ایشیا کپ کے مقابلوں کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کا درجہ دے دیا تھا۔ سابق چیئرمین افریقن کرکٹ ایسوسی ایشن سُمود دامودر کا کہنا تھا کہ ایفرو ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے بحال ہونے کا قوی امکان ہے۔
سُمود دامودر کا کہنا تھا کہ ایفرو ایشیا کپ ٹورنامنٹ بحال کرنے کے حوالے سے کرکٹ کی دنیا سے جڑی فیصلہ ساز شخصیات سے بات چیت ہوئی ہے اور اس حوالے سے جے شاہ اور آئی سی سی ڈائریکٹر مہیندرا ولی پورم بھی آن بورڈ ہیں۔ بوٹسوانا کرکٹ کے سربراہ سُمود دامودر کا کہنا تھا کہ ایفرو ایشیا کپ بحال ہو گیا تو بابر اعظم، روہت شرما، شاہین آفریدی، جسپریت بمرا اور ویرات کوہلی ایک ہی ٹیم میں دکھ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ آخری دفعہ ٹورنامنٹ ون ڈے فارمیٹ کے تحت ہوا تھا تاہم اس دفعہ یہ ٹورنامنٹ ٹی 20 فارمیٹ کے تحت ہو سکتا ہے، اگر یہ ٹورنامنٹ 2025ء میں ہوتا ہے تو ممکنہ طور پر ایشیا الیون میں بابر اعظم، ویرات کوہلی، جسپریت بمراہ اور شاہین آفریدی ایک ساتھ ہوں گے، قبل اس 2005ء میں ایشیا کی ٹیم میں وریندر سہواگ، شاہد آفریدی، آشیش نہرا، انضمام الحق، شعیب اختر ودیگر کھلاڑی ایک ساتھ کھیلے تھے۔